Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وسیم اکرم کا بولنگ پارٹنر نسیم شاہ

فاسٹ بولر نسیم شاہ نے 16 سال کی عمر میں ڈیبیو کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کی تھی (فوٹو:سوشل میڈیا)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کرکٹ کے میدان میں اترنے والے ہر نوجوان کھلاڑی کے لیے ایک انسپائریشن ہیں۔
مگر ماضی کے فاسٹ بولر کو اگر نوجوان کھلاڑیوں میں سے کسی ایک کے ساتھ جوڑی بنانے کا موقع ملے تو وہ کون خوش نصیب ہوگا؟ یہ ایک ایسا سوال ہے جس کا جواب جاننے میں شائقین کرکٹ کو ضرور دلچسپی ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایسا ہی ایک سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس میں پاکستان کے مشہور کھلاڑیوں سے ان کے ڈریم پیئرز کے بارے میں پوچھا جا رہا ہے۔
سوئنگ کے سلطان سے جب یہ سوال کیا گیا تو انہوں نے نوجوان بولر نسیم شاہ کے ساتھ جوڑی بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے ماضی کے فاسٹ بولرز میں سے اپنے ڈریم پیئر کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ 'عمران خان، وقار یونس، شعیب اختر اور عبدالرزاق سمیت کئی بولروں کے ساتھ بولنگ کی لیکن سرفراز نواز نے ریورس سوئنگ ایجاد کی، فضل محمود کی لیگ کٹر کا کوئی جواب نہیں تھا جبکہ وقار یونس بہترین بولر تھے جن کے ساتھ کیرئیر میں بھی ان کا پئیر رہا۔'
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وہ نوجوان بولرز میں نسیم شاہ کے ساتھ جوڑی بنانا چاہیں گے، 'ابھی وہ بچہ ہے، لیکن بہت تیز بولر ہے، 150 سے زیادہ کی سپیڈ پر بولنگ کرتا ہے اور ابھی اس نے مزید تیز بولر بننا ہے۔'

راولپنڈی ٹیسٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے نسیم شاہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سابق کپتان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ 'میری خوشی ناقابل بیان ہے کہ وسیم اکرم نے مجھے بولنگ میں اپنا ساتھی بنانے کے لیے منتخب کیا ہے۔ وہ میرے لیے ہمیشہ سے رول ماڈل رہے ہیں۔'   
یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں فاسٹ بولر نسیم شاہ نے 16 سال کی عمر میں ڈیبیو کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کی تھی۔

شائقین کرکٹ نوجوان کھلاڑی کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔

عفان بلوچ نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ 'نسیم شاہ اپنا رویہ مت بدلیے گا، ایسے ہی عاجزی اور ہمدردانہ انداز اپنائے رکھیے گا پھر ہی آپ کا کریئر لمبے عرصے تک چلے گا۔ دولت اور شہرت خود آپ کے پیچھے آئے گی۔'

ایک اور صارف زیان نے لکھا کہ 'نسیم ایسے ہی کارکردگی دکھاتے رہیے، ہم آپ کو 161 سے زیادہ کی سپیڈ میں بولنگ کرتے دیکھنا چاہتے ہیں۔'

 

شیئر:

متعلقہ خبریں