Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو بھی کئی علاقوں میں بارش متوقع ہے(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں پیر کو ابہا، رجال المع، عسیر ریجن، احد رفیدہ، باحہ ریجن اور دیگر علاقو ں میں بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے.
 موسلا دھار بارش سے برساتی نالے بھر گئے. کئی وادیوں میں گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں.
سبق ویب سائٹ کے مطابق پیر کو بیشہ کمشنری، اس کی تحصیلوں اور قریوں میں بارش کے بعد وادیوں میں طغیانی آگئی.
 عسیر ریجن میں موسلا دھار بارش کے بعد صوبے کی متعدد وادیوں میں سیلابی صورتحال ہے.

 ابہا میں سڑکیں زیرآب آگئیں اور نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا.(فوٹو سبق)

ابہا شہر کےعلاوہ احد رفیدہ، البرک، الحرجہ، المجاردۃ، النماص، البارق،  بلقرن، بیشہ، تنومہ، خمیس مشیط سمیت تمام کمشنریوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی ہے.
 ابہا میں سڑکیں زیرآب آگئیں اور نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا. 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق پیر کو رجال المع کمشنری میں موسلا دھار بارش سےعلاقے کی وادیوں اورگھاٹیوں میں طغیانی آگئی.
 باحہ ریجن میں کہیں درمیانے درجے اور کہیں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوئی. باحہ شہر اوراس کی کمشنریوں الحجرہ، العقیق،القری، المخواہ، المندق، بلجرشی، بنی حسن، غامد الزناد اور قلوۃ میں بارش کا سسلسہ رات تک جاری رہا.

 عسیر ریجن کی متعدد وادیوں میں سیلابی صورتحال ہے.(فوٹو سبق)

عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ جزیرہ عرب میں پورے ہفتے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ جنوبی سعودی عرب میں موسلا دھار بارش متوقع ہے.
کویت، متحدہ عرب امارات، سلطنت عمان اور یمن کے متعدد علاقے بارش کی زد میں ہوں گے. کئی مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے.گرد آلود ہوائیں حد نظر محدود کردیں گی.
 محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ منگل کو سعودی عرب کے 8 علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی. جازان، نجران، عسیر، باحہ، ریاض، حائل، قصیم اور شمالی حدود ریجنوں میں کہیں درمیانے درجے اور کہیں موسلا دھار بارش کا سلسلہ رہے گا.

 وادیوں میں گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں.(فوٹو سبق)

مشرقی ریجن کے بعض علاقوں کے علاوہ الجوف، تبوک، نیز مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ کے مشرقی مقامات پر بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے-
محکمہ موسمیات کے مطابق تبوک، حدود شمالیہ، الجوف، حائل، القصیم، ریاض، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں منگل کو گرد آلود ہواؤں کی وجہ سےحد نظر محدود ہوگی.

شیئر: