Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

10 مئی سے مسافر ٹرینیں چلانے پر غور

شبلی فراز نے کہا کہ یورپ اور چین نے صرف نظم و ضبط کی وجہ سے کورونا پر قابو پایا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے وزارت ریلوے نے 10 مئی سے مسافر ٹرینیں چلانے پر غور کر رہی ہے۔
وزارت ریلوے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اگر مجاز اتھارٹی کی جانب سے اجازت دی گئی تو پہلے مرحلے میں ملک کے مختلف حصوں میں 15 ٹرینیں چلائی جائیں گی جن میں  خیبرمیل، عوام ایکسپریس، تیزگام، اسلام آباد ایکسپریس اور دیگر ٹرینیں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کی گئی ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں بین الاقوامی و علاقائی فضائی آپریشن سمیت ٹرین سروس بھی بند ہے۔ منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کے بدھ کو ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔

لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ بدھ کو ہوگا

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ کل ہونے والے اجلاس میں لاک میں نرمی کے حوالے سے مشاورت ہو گی اس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا جس میں تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شریک ہوں گے۔
منگل کو اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ وزرا نے ایک مہینے کی تنخواہ کورونا ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر اسد عمر نے کورونا کے وبا کے حوالے سے کابینہ کو اعدادوشمار بتائے
انہوں نے یورپ اور چین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف نظم و ضبط کی وجہ سے کورونا پر قابو پایا۔
’ہمارے ہاں جمہوریت ہے کسی کو ڈنڈا لے کر مجبور نہیں کر سکتے، اپیل کر سکتے ہیں کہ ایس او پیز کی پابندی کریں۔‘
انہوں نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ جس کو بھی پکڑا جاتا ہے وہ وکٹری کا نشان بنائے پھرتا ہے۔
صحافی ان لوگوں کو کوریج دینا چھوڑ دیں جو نیب آفس کے سامنے باتیں کرتے ہیں۔‘

شبلی فراز نے کہا کہ  ہماری بدقسمتی ہے کہ جس کو بھی پکڑا جاتا ہے وہ وکٹری کا نشان بنائے پھرتا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)

کابینہ میں احمدیوں کی اقلیتی کمیشن میں شامل کیے جانے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کمیشن میں اقلیت کی تعریف پر پوری اترنے پر اقلیت کی نمائندگی موجود ہے۔
’احمدیوں والے نکتے کو کسی رکن سے سپورٹ نہیں کیا۔‘
انہوں نے کہا وبا پر اپوزیشن کی طرف جو کچھ کیا جا رہا ہے وہ مناسب نہیں۔
’وبا کسی پارٹی کی نہیں ہوتی، یہ سب کے لیے ہوتی ہے اس پر سیاست نہ کی جائے۔‘

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور گورنر سندھ نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)

اس سوال کہ گورنر سندھ اور سپیکر قومی اسمبلی کا کورونا پازیٹیو آنے کے بعد گورنر ہاؤس کو سیل کیوں نہیں کیا گیا، کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک ایسے مسئلے کا سامنا ہے جس کی کوئی مثال نہیں۔
گورنر سندھ اور سپیکر نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
’میں نے بھی کورونا ٹیسٹ کروایا تھا جس کا نتجہ آج ہی موصول ہوا ہے جو الحمدللہ نیگیٹیو ہے۔‘

شیئر: