Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثی باغی: سیز فائر کی 2400 خلاف ورزیاں

’یمن میں شہریوں کی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
 عرب اتحادی فورسز کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں نے صنعا کمشنری سے شہری حدود کے اندر رہتے ہوئے ’عمران‘ اور صعدہ ’کمشنری‘ پر میزائل داغے ہیں۔
ایک میزائل عمران کمشنری میں جبکہ دوسرا 148 کلو میٹر دور صعدہ کمشنری میں گرا۔
سعودی خبررساں ایجنسی نے کرنل المالکی کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ ’حوثی باغیوں کی جانب سے شہری علاقوں پر میزائل حملے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہیں جس سے سینکڑوں انسانی جانیں خطرے سے دوچار ہیں۔‘
کرنل المالکی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ بیلسٹک میزائل حملے دراصل ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی ہے جس کا اعلان 9 اپریل کو کیا گیا تھا۔

 کرنل المالکی کے مطابق ایران نواز حوثیوں کی جانب سے اب تک 2400 خلاف ورزیاں کی جاچکی ہیں (فوٹو: عاجل نیوز)

اتحادی فورسز کے ترجمان کرنل المالکی نے مزید کہا کہ اب تک حوثی باغیوں کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے بعد 2400 خلاف ورزیاں کی جاچکی ہیں جس میں مختلف نوعیت کا بھاری اور ہلکا اسلحہ استعمال کیا گیا ہے۔
اتحادی فورسز کی جانب سے اس امر کی بھی یقین دہانی کرائی گئی کہ فورسز کی اعلٰی قیادت جنگ بندی کے قوانین کی خلاف ورزیوں جس سے یمن میں شہریوں کی جانوں کو سخت خطرے لاحق ہیں کا تدارک لازمی ہے۔
ترجمان کے مطابق یمنی شہریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی جانوں کی حفاظت اور بین الاقوامی امن کو برقرار رکھنے کے لیے میزائل لانچنگ پیڈز کی نشاندہی کرکے انہیں تباہ کیا جائے گا تاکہ یمن میں شہریوں کومزید خطرات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے.

شیئر: