Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان میں حملہ،میجر سمیت چھ اہلکار ہلاک

قافلے پر حملہ ریموٹ کنٹرول بم سے کیا گیا (فوٹو: آئی ایس پی آر)
بلوچستان کے ضلع کیچ میں ایرانی سرحد کے قریب سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر ریمورٹ کنٹرول بم سے کیے جانے والے حملے میں ایک میجر سمیت چھ اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فرنٹئیر کور (ایف سی) کے قافلے پر حملہ جمعے کو ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں کیا گیا ہے۔
ایف سی اہلکار ایرانی سرحد سے ملحقہ اس علاقے میں پیٹرولنگ سے واپس آ رہے تھے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے کچے راستے میں چھپائے گئے ریمورٹ کنٹرول بم کے ذریعے قافلے کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بم دھماکے کے نتیجے میں میجر ندیم عباس اور پانچ دیگر اہلکار ہلاک ہو گئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا۔
اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری موقعے پر پہنچی جس کے بعد لاشوں اور زخمی اہلکار کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا۔
حملے میں ہلاک ہونے والوں میں میجر ندیم، نائیک جمشید، لانس نائیک تیمور، لانس نائیک خضر، سپاہی ساجد اور سپاہی ندیم شامل ہیں۔
ایرانی سرحد سے ملحقہ اس علاقے میں بلوچ عسکریت پسند تنظیمیں سرگرم ہیں۔ فروری میں بھی یہاں ایک حملے میں پانچ سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

شیئر: