Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلمان خان کا ’تیرے بنا‘ کس کے لیے اور اب دوسرے کیا کریں؟

سلمان خان نے اپنے گانے کی ویڈیو کی ڈائریکشن بھی خود دی ہے (سکرین شاٹ)
بالی وڈ سٹار سلمان خان نے اپنے نئے گانے ’تیرے بنا‘ کی یوٹیوب ویڈیو لانچ کے موقع پر مداحوں کو گانا اور ویڈیو دیکھنے کی دعوت دی تو ساتھ ہی انہیں بھی کچھ ایسا ہی کرنے کا مشورہ دے ڈالا۔
نئے گانے میں سلمان خان کے ہمراہ جیکولین فرنانڈس نے پرفارم کیا ہے جب کہ سلمان خان کے اپنے گائے ہوئے گانے اور انہی کی پروڈکشن کے لیے میوزک اجے بھاٹیا نے ترتیب دیا ہے۔
منگل کے روز مائکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر دیے گئے پیغام میں سلمان خان نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے یہ گانا کیسے تیار کیا ہے اور کن کن مراحل سے گزرنے کے بعد یہ شائقین تک پہنچا ہے۔ وہ یہیں نہیں رکے بلکہ ایک قدم آگے بڑھ کر مداحوں کو بھی اپنے پراجیکٹ یا اس سے ملتے جلتے آئیڈیا پر کام کرنے کی دعوت دے دی۔
سلمان خان نے لکھا ’میں نے یہ گانا بنایا، گایا، شوٹ کیا اور پوسٹ کیا آپ کے لیے، اب آپ بھی یہ گانا سنو، گاؤ اور گھر پہ اپنے انداز می شوٹ کرو، پوسٹ کرو، شیئر کرو، ٹیگ کرو اور انجوائے کرو۔
مختلف ہیش ٹیگز کے ساتھ کی گئی ایک اور ٹویٹ میں سلمان خان نے جیکولین فرنانڈس سمیت گانے کی تیاری کے دوران کام کرنے والے مختلف افراد کو مینشن بھی کیا۔
جواب میں سلمان خان کے فینز نے گانے، اس کے بول، ویڈیو اور جیکولین فرنانڈس کی پرفارمنس کی دل کھول کر تعریف کی تو بعض نے تنقیدی تبصرے بھی کیے۔
سنجنا خان نے گانے اور ویڈیو کو ’خوبصورت اور دل چھونے والی‘ قرار دیا تو ساتھ ہی سلمان خان کی جادوئی آواز اور جیکولین فرنانڈس کے ساتھ ان کی کیمسٹری کی بھی تعریف کی۔

فلم ڈائریکٹر اور پروڈیوسر آنند کمار نے اپنے تبصرے میں سلمان خان کی پیشکش کو ’مدہوش کرنے والی‘ کہتے ہوئے حیرت کے جھٹکوں کی وجہ قرار دیا۔

شیخ ناز ایک مختلف پہلو کی نشاندہی کرتے ہوئے پائے گئے۔ انہوں نے لکھا ’لاک ڈاؤن میں اتنا اچھا تحفہ دینا کوئی سلمان خان سے سیکھے۔‘

سلمان خان کی جانب سے ٹویٹ کے بعد ابتدائی ایک گھنٹے میں ہی ’تیرے بنا‘ انڈین ٹرینڈز لسٹ میں نہ صرف تیسرے نمبر پر آ گیا بلکہ 25 ہزار سے زائد ٹویٹس اور ری ٹویٹس کے ساتھ دس ہزار سے زائد لائکس اور تبصرے بھی سمیٹنے میں کامیاب رہا۔
دبنگ خان نے یوٹیوب کے اپنے چینل پر بھی گانے کی ویڈیو ریلیز کی جہاں ابتدائی ایک گھنٹے کے بعد اس کے ویوز، کمنٹس اور لائکس کی تعداد پانچ لاکھ کے ہندسے سے تجاوز کر چکی تھی۔

شیئر: