Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ کے کئی ٹورنامنٹس کا انعقاد خطرے میں

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انعقاد کے لیے کوشاں ہے (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس کی وجہ سے آئندہ برس وومن کرکٹ ورلڈ کپ اور 2022 میں انڈر 19 کا کوالیفائنگ راؤنڈ ملتوی کر دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے منگل کو بتایا کہ 'یہ دونوں کوالیفائنگ راؤنڈز رواں برس جولائی میں کھیلے جانا تھے تاہم وبا کی وجہ سے اب ان کو ملتوی کیا جاتا ہے۔'
 آئی سی سی کا کہنا ہے کہ 'یہ فیصلہ ہنگامی منصوبہ بندی کے عمل کے تحت مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔'

 

وومن کوالیفائر رواں برس 3 سے 19 جولائی تک سری لنکا میں کھیلا جانا تھا جس میں 2021 میں نیوزی لینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے تین ممالک نے جگہ بنانا تھی۔
اسی طرح 2022 کے انڈر 19 ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ ڈنمارک میں 24 سے 30 جولائی تک کھیلا جانا تھا۔
آئی سی سی کے ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلے کا کہنا ہے کہ 'ہماری ترجیح کھلاڑیوں، کوچز، آفیشلز، کرکٹ کے مداحوں اور کرکٹ سے وابستہ تمام افراد کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔'
ان کا کہنا ہے کہ 'آئی سی سی ایسا کوئی موزوں وقت تلاش کرے گی جس میں یہ تمام کوالیفائنگ راؤنڈز کا محفوظ ماحول میں انعقاد کیا جا سکے۔'
'رواں سال کے آخر میں تنزانیہ اور تھائی لینڈ میں شیڈولڈ انڈر 19 کوالیفائرز کے انعقاد کا معاملہ ابھی زیرِ غور ہے۔'

خواتین کے بھی کئی کوالیفائنگ میچز ملتوی ہو گئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

آئی سی سی نے اس سے قبل آئندہ برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور 2023 میں 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے کوالیفائرز جولائی تک روک دیے تھے۔
گذشتہ ماہ آئی سی سی نے کہا تھا کہ 'وہ اب بھی رواں برس اکتوبر میں آسٹریلیا میں شیڈولڈ مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انعقاد کی کوشش کر رہی ہے۔'

شیئر: