Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سے 250 پاکستانیوں کو لے کر خصوصی پرواز لاہور پہنچ گئی

 سفارتخانے کے ذرائع  کے مطابق سعودی عرب میں اس وقت 30 ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپسی کے خواہشمند ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ( پی آئی اے) کی خصوصی پرواز سعودی عرب سے کورونا وائرس کی صورتحال کے باعث واپسی کےخواہشمند 250 پاکستانیوں کو لے کر ریاض سےلاہور پہنچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے مزید چھ خصو صی پروازوں کے شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا۔
پاکستان کی منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کی ویب سائٹ پر جاری شیڈول کے مطابق جدہ سے پی آئی اے کی ایک اور پرواز پیر18 مئی کو250 مسافروں کو لے کرفیصل آباد جائے گی جب کہ جمعرات21 مئی کو دمام سے اسلام آباد کے لیے خصوصی پرواز چلائی جائےگی۔

 

 اس پرواز سے بھی 250 پاکستانی واپس جائیں گے۔
ہفتہ 16 مئی کو پی آئی اے کی پرواز مدینہ منورہ سے250 افراد کولے کر کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔
سعودی ایئرلائنز کی دو خصوصی پروازیں 17 اور 21 مئی کو پشاور اور ملتان کے لیے شیڈول ہیں۔
سرکاری ویب سائٹ پردرج ہدایت کے مطابق کورونا وائرس کی صورتحال کے باعث پروازوں کے شیڈول میں کسی پیشگی نوٹس کے بغیر تبدیلی کی جا سکتی ہے۔
 ریاض میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق جمعرات 14 مئی کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے 250 پاکستانی واپس گئے ہیں۔
پاکستانی سفارتخانے کے ویلفیئر قونصلر عبدالشکور اور دیگر اہلکار ایئر پورٹ پر موجو د تھے۔
ایمرجنسی،  طبی امور، اقامے کی میعاد ختم ہونے اور خروج  نہائی والے افراد کو ترجیح دی گئی ہے۔

سفارتخانے کے مطابق واپسی کے لیے ایمرجنسی،  طبی امور، اقامے کی میعاد ختم ہونے اور خروج  نہائی والے افراد کو ترجیح دی گئی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز کا ٹکٹوں کی خریداری کے لیے آنے والے پاکستانیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفارتخانہ  ٹکٹوں کی آسانی سے فروخت کے ساتھ اپنے پاکستانی بھائیوں کی فلاح و بہبود ، محفوظ اور جلد از جلدوطن واپسی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے۔
 یاد رہے کہ 15 مارچ 2020 کو سعودی عرب میں فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے بعد پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔
یکم مئی کو پی آئی اے کی دو خصوصی پروازیں 500 سے زائد پاکستانیوں کو لے کر لاہور اور اسلام آباد  پہنچی تھیں۔
 سفارتخانے کے ذرائع  کے مطابق سعودی عرب میں اس وقت 30 ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپسی کے خواہشمند ہیں۔
اس سے قبل پاکستانی سفارتخانے نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام  کے لیے لگائی گئی فضائی پابندیوں سے متأثر ایسے پاکستانی افراد اور خاندان جن کے ویزوں کی میعاد ختم ہو رہی ہے اور وہ وطن واپس جانا چاہتے ہیں وہ اپنے کوائف فراہم کریں تاکہ سفارت خانہ پاکستان کی طرف سے متعلقہ اداروں کو آگاہ کرکے ان کی جلد وطن واپسی کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: