Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی کراٹے ٹیم کے کوچ کا احتجاجاً مستعفی ہونے کا اعلان

شان محمد شان کا کہنا ہے کہ کوچ کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان کی قومی کراٹے ٹیم کے کوچ شان محمد شان نے محکمہ کھیل کے حکام کے رویے سے دل برداشتہ ہو کر کوچنگ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
گذشتہ برس ساؤتھ ایشین گیمز میں شان محمد شان کی کوچنگ میں پاکستان کی کراٹے ٹیم نے 19 تمغے حاصل کیے تھے جو کسی بھی کھیل میں پاکستانی دستے کی جانب سے حاصل کردہ سب سے زیادہ تمغے تھے۔ 
شان محمد شان کا کہنا ہے کہ 'کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی تو کی جا رہی ہے مگر انہیں اس مقام تک پہنچانے والے کوچز کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔'
 اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے پانچ مرتبہ قومی کراٹے چیمپئن رہنے والے شان محمد شاہ نے کہا کہ 'وہ گذشتہ 10 برس سے پاکستانی کراٹے ٹیم کی کوچنگ کر رہے ہیں۔'
ان کے بقول 'اس دوران چین، جاپان، اردن، ملائشیا، انڈونیشیا، ایران اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک میں درجنوں مقابلوں میں کامیابیاں دلائیں۔ حالیہ ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستانی دستے نے 23 کھیلوں میں حصہ لیا تاہم سب سے اچھی کارکردگی کراٹے کی ٹیم نے دکھائی۔' 
انہوں نے کہا کہ 'ہم برسوں کھلاڑیوں پر محنت کرتے ہیں، کیمپوں کے لیے کئی کئی ماہ تک گھر اور بچوں سے دور رہتے ہیں، جب کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھائیں تو ان کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے مگر کوچ کو پوچھا تک نہیں جاتا۔'
ان کے مطابق 'حالیہ ساؤتھ ایشیئن گیمز میں اعلٰی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں وفاقی و صوبائی محکمہ کھیل نے تقریبات کا انعقاد کیا مگر دونوں مرتبہ ہمیں دعوت تک نہیں دی گئی۔' 

شان کی کوچنگ میں پاکستان نے ساؤتھ ایشین گیمز میں 19 میڈلز جیتے (فوٹو: اردو نیوز)

شان محمد شان نے کہا کہ 'محکمہ کھیل بلوچستان اور وفاق میں موجود کھیلوں سے وابستہ حکام کے رویے سے دل برداشتہ ہو کر انہوں نے قومی کراٹے ٹیم کی مزید کوچنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔' 

شیئر:

متعلقہ خبریں