Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گولڈ میڈلز جیتنے والے پاکستانی ستارے

ساؤتھ ایشیئن گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اب تک 11 طلائی، 17 چاندی اور 25 کانسی کے میڈلز حاصل کیے ہیں (فوٹو: پاکستان سپورٹس بورڈ)
نیپال میں ہونے والی 13ویں ساؤتھ ایشیئن گیمز کے مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اب تک 11 طلائی، 17 چاندی اور 25 کانسی کے میڈلز حاصل کیے ہیں۔
نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کے علاوہ پوخارا اور جانک پور میں مقابلے ہو رہے ہیں۔ نمایاں کارکردگی کی وجہ سے پاکستان کے متعدد کھلاڑی راتوں رات سٹار بن گئے ہیں۔
آئیے آپ کو ملواتے ہیں ان کھلاڑیوں سے جو مختلف اور دور دراز علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں اور جیت کا عزم لیے نیپال پہنچے تھے۔

 

سعدی غلام عباس

سعدی عباس نے نیپال میں منعقد ہونے والی 13ویں ساؤتھ ایشیئن گیمز2019 کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراٹے کی 75 کلوگرام کی کیٹگری میں سونے کا تمغہ جیتا۔ کراچی کے علاقے لیاری میں 1988 میں پیدا ہونے والے سعدی غلام عباس پاکستان نیشنل کراٹے ٹیم کے کپتان بھی ہیں، سات سال کی عمر میں کراٹے کھیلنا شروع کیا۔ انہوں نے 2001 میں بلیک بیلٹ حاصل کیا، انہوں نے 2007 میں واپڈا میں شمولیت اختیار کی۔ 2018 میں وہ نیشنل کراٹے ٹیم کے کپتان بنائے گئے۔ 2014 تک وہ جنوبی ایشیا کے واحد کراٹے کھلاڑی تھے جنہوں نے ایشیئن کراٹے چیمپیئن شپ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔

سعدی 2011 میں جنوبی ایشیا ریجن کے پہلے چیمپیئن بنے (فوٹو: پاکستان سپورٹس بورڈ)

سعدی 2011 میں جنوبی ایشیا ریجن کے پہلے چیمپیئن بنے۔ اس وقت وہ شباب ال اہل دبئی کلب کی جانب سے بھی کھیلتے ہیں۔
محمد اویس
پاکستان کے کراٹے کھلاڑی محمد اویس نے  13ویں ایشیئن گیمز کے تحت ہونے والے مقابلوں میں دوسرا گولڈ میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے 84 کلوگرام کی کیٹیگری میں ہونے والے مقابلے میں اپنے حریف پر بآسانی قابو پایا۔

 

محمد اویس کا تعلق بلوچستان سے ہے۔ اس سے قبل وہ قائداعظم چیمپیئن شپ میں بھی حصہ لے چکے ہیں جبکہ نیشنل گیمز میں بھی بلوچستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ سائوتھ ایشیئن گیمز میں پہلے سلور میڈل بھی حاصل کر چکے ہیں۔

شاہدہ عباسی

شاہدہ عباسی نے سائوتھ ایشیئن گیمز میں پہلا سونے کا تمغہ اس وقت حاصل کیا جب انہوں نے اپنی مد مقابل نیپال سے تعلق رکھنے والے کراٹے کھلاڑی چنچلا دنوور کو شکست دی۔
مقابلوں میں پاکستان کے علاوہ چھ ممالک سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

شاہدہ عباسی نے 2005 میں کراٹے کھیلنا شروع کیا تھا، ان کا تعلق بلوچستان کی ہزارہ کمیونٹی سے ہے (فوٹو: پاکستان سپورٹس بورڈ)

شاہدہ عباسی نے 2005 میں کراٹے کھیلنا شروع کیا تھا، ان کا تعلق بلوچستان کی ہزارہ کمیونٹی سے ہے۔
گولڈ میڈل جیتنے کے بعد انہوں نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے  کہا تھا کہ ’اس کامیابی میں ان کی فیملی اور اساتذہ کا بہت کردار ہے تاہم ارد گرد کے لوگوں بالخصوص رشتہ داروں کا رویہ ان کے لیے کافی مایوس کن تھا۔
جن کے بارے میں انہوں نے کہا تھا کہ میرا گولڈ میڈل ہی ان کی باتوں کا جواب ہے۔

نعمان احمد


نعمان احمد نے کراٹے کے مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کیا (فوٹو: پاکستان سپورٹس بورڈ)

نعمان احمد نے 50 کلوگرام کی کیٹیگری کے تحت کراٹے کے مقابلوں میں حصہ لیا اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔

شاہ زیب

تیکوانڈو کھلاڑی شاہ زیب نے بھی پاکستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کیا انہوں نے 54 کیٹیگری کے تحت مقابلے میں حصہ لیا۔ انہوں نے 47 پوائنٹس کے ساتھ سری لنکا سے تعلق رکھنے والے مدمقابل رینھانہ ارورا بندارا کو شکست دی جو شاہ زیب کے مقابلے میں دس پوائنٹ حاصل کر پائے۔
غفران عادل
غفران عادل پاکستان کی شوٹنگ ٹیم کے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے  3ایکسپوزیشن رائفل سے ہونے والے مقابلے میں حصہ لیا اور 1152 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا۔

عاقب لطیف


ذیشان شاکر، غفران عادل اور عاقب لطینف نے شوٹنگ میں گولڈ  میڈل جیتے (فوٹو: پاکستان سپورٹس بورڈ)

یہ بھی پاکساتن کی شوٹنگ ٹیم کا حصہ تھے اور اسی کیٹیگری میں ہونے والے مقابلے میں انہوں نے 1135 پوائنٹس حاصل کیے جس پر انہیں گولڈ میڈل کا حق دار قرار دیا گیا۔

ذیشان شاکر

پاکستان کی شوٹنگ ٹیم کے تیسرے کھلاڑی ذیشان شاکر ہیں جنہوں نے سونے کا تمغہ جیتا۔ انہوں نے بھی 3ایکسپوزیشن رائفل کے مقابلے میں حصہ لیا اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1134 پوائنٹس حاصل کیے جو ان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کرنے کا باعث بنے۔

عزیر رحمان

عزیر رحمان بھی ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے ساؤتھ ایشیئن گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کیا، انہوں نے 200 میٹر کی دوڑ میں حصہ لیا انہوں نے مقررہ فاصلہ 21:15 ٹائم میں طے کیا۔

شیئر: