Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہالینڈ: کُتے اور بلیوں میں وائرس کی تصدیق

ہالینڈ میں پالتو جانوروں کے کورونا میں مبتلا ہونے کا یہ پہلا واقعہ ہے (فوٹو: اے ایف پی)
ہالینڈ میں ایک کتے اور تین بلیوں میں عالمی وبا کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ 'یہ ملک میں کسی بھی پالتو جانور کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا پہلا واقعہ ہے۔'
ہالینڈ کے وزیر زراعت کیرولا شاؤٹن کا کہنا ہے کہ 'کتے کے بارے میں یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس میں وائرس اپنے مالک سے منتقل ہوا ہے۔'
پارلیمنٹ کے نام خط میں وزیر زراعت نے لکھا کہ 'یہ اہم ہے کہ گھریلو پالتو جانوروں کے مالکان کو اس ہدایت پر عمل کرنا چاہیے کہ کورونا وائرس میں مبتلا مریض اپنے جانوروں سے دور رہیں۔'
ان کے مطابق 'کورونا وائرس کا شکار افراد بیمار جانوروں کو جتنا ممکن ہو سکے گھروں کے اندر ہی رکھیں۔'
روئٹرز کے مطابق دنیا بھر میں جانوروں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بہت کم واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
ہالینڈ کے قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ 'جانوروں سے انسانوں کے اس وبا سے متاثر ہونے کا خدشہ بہت کم ہے۔'
گذشتہ ماہ ہالینڈ کے جنوب میں واقع ایک فارم میں کئی منک اس وائرس میں مبتلا پائے گئے تھے۔
وزیر زراعت کا کہنا ہے کہ 'اس فارم کے قریب رہنے والی 11 بلیوں کا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے تین کے اندر وائرس کی اینٹی باڈیز پائی گئیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے اندر وائرس موجود تھا۔

کورونا کا شکار ہونے والے کتا امریکی بُل ڈاگ ہے (فوٹو: وکی پیڈیا)

'جو کتا کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے وہ 6 سالہ امریکی بُل ڈاگ ہے جس کا مالک کورونا وائرس کا شکار تھا۔'
وزیر زراعت کے مطابق 'کتے کو سانس لینے میں سخت تکلیف ہوئی اور جب اس کے خون کا ٹیسٹ لیا گیا تو اس میں وائرس کی اینٹی باڈیز کے موجود ہونے کی تصدیق ہوئی۔'
وزیر زراعت کے مطابق 'اس کا مطلب یہ ہوا کہ کتے کو کورونا وائرس کا انفیکشن تھا، تاہم یہ ثابت نہیں ہوا کہ کتے کو سانس لینے میں دشواری کورونا وائرس کی وجہ سے پیش آرہی تھی یا اس کی وجہ کچھ اور تھی۔'
یاد رہے کہ اس سے قبل رواں برس فروری میں ہانگ کانگ میں ایک کتے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ اس کتے کے مالک کو بھی کورونا وائرس ہو چکا تھا۔

شیئر: