Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میں خود کو باغی سمجھتی ہوں: ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ

پاکستانی ٹک  ٹاک سٹار حریم شاہ کہتی ہیں کہ وہ بہادری کا مظاہرہ کرنے کی وجہ سے متنازع بنی ہوئی ہیں۔
اردو نیوز کے ساتھ گفتگو میں ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ نے کہا ہے کہ وہ خود کو باغی سمجھتی ہیں۔ ’باغی خود سر ہونے کو کہتے ہیں اور مجھ میں ایسی چیزیں تو ہیں لہٰذا کچھ حد تک کہہ سکتے ہیں کہ میں باغی ہوں۔‘
حریم شاہ کا وزرات خارجہ کی کمیٹی روم تک رسائی کے بارے میں کہنا تھا کہ اس میں پی ٹی آئی کے مرحوم رہنما نعیم الحق کا کوئی کردار نہیں تھا۔ 
’میں نے وہاں کے لوگوں سے اجازت لی اور آسانی سے اجازت مل گئی تھی۔ نعیم الحق کا اس میں بالکل بھی کردار نہیں تھا، ان کے ساتھ میرا تعلق بہت اچھا تھا۔ اس بات سے انکار نہیں کروں گی لیکن انہوں نے مجھے وہاں جانے کی رسائی بالکل بھی نہیں دی۔ یہ سمجھ لیں وہ نہ صرف ایک اچھے لیڈر تھے بلکہ ایک بہت ہی اچھے دوست اور انسان بھی تھے۔‘
پی ٹی آئی کے ساتھ تعلق کے بارے میں حریم شاہ نے کہا کہ وہ اب بھی پی ٹی آئی کی بہت بڑی سپورٹر ہیں۔
 ‘پی ٹی آئی میری جماعت ہے، حال ہی میں میری ملاقات اسد عمر سے ہوئی ہے لہٰذا مجھے تو پی ٹی آئی والے لفٹ کرواتے ہیں ہاں جن کو نہیں کرواتے یقیناً ان کو تکلیف ہوتی ہوگی۔‘

حریم شاہ کے مطابق وہ پی ٹی آئی کی سپورٹر ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

 ان کا کہنا تھا کہ اچھے لوگ کسی بھی پارٹی کے ہوں ان کی تعریف کی جانی چاہیے۔
’ن لیگ میں بھی کچھ اچھے لوگ ہیں جو اچھا کام کرتے ہیں میں ان کی ضرور تعریف کروں گی۔ میں تفرقہ بازی میں نہیں پڑوں گی جیسے ن لیگ میں میرے کچھ قریبی لوگ ہیں اسی طرح پیپلز پارٹی کے بھی کچھ لوگ بہت پسند ہیں۔ مجھے بے نظیر بھٹو، بلاول بھٹو، شاہ محمود قریشی اور عمران خان بہت پسند ہیں۔‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کو سیاست میں بالکل بھی دلچسپی نہیں ہے۔
 ٹک ٹاک سٹار نے کہا کہ ’عمران خان کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر تصویر بنانا میری خوش قسمتی ہے۔ ان سے مجھے گفتگو کرنے کا موقع ملا ان کو قریب سے دیکھنے کا موقعہ ملا، میں انہیں دلیر لیڈر سمجھتی ہوں۔‘
حریم شاہ کے مطابق وہ پرستاروں کے پیار کی وجہ سے آج سٹار بنی ہوئی ہیں۔
 ’پرستاروں کے ساتھ تصاویر بنوا لینے کو برا نہیں سمجھتی کیونکہ پرستاروں کی میں بہت عزت کرتی ہوں۔ میں نے جتنی بھی ویڈیوز بنائیں وہ متنازع نہیں تھیں بس ان کو ایک خاص قسم کا رنگ دیا گیا۔ ویسے بھی ہمارے ہاں کوئی کسی کو برا کہے تو ہم سب اس کے پیچھے لگ جاتے ہیں بغیر تحقیق کیے ہم بھی بلاجواز باتیں کرنا شروع کر دیتے ہیں۔‘

وزارت خارجہ میں بنائی گئی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد حریم شاہ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا (فوٹو: سوشل میڈیا)

حریم شاہ کے بقول وہ صاف گو ہیں۔ ان کا کہنا ہے ’ کبھی نہیں سوچا کہ میری کہی ہوئی باتوں سے مجھے  کوئی خطرہ ہو سکتا ہے یا وہ اذیت کا باعث بنیں گی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جو مجھے حق سچ لگتا ہے میں وہ پبلک کے سامنے ضرور لاتی ہوں اور اس کے لیے باقاعدہ آواز بھی اٹھاتی ہوں، آپ مجھے بلفر بھی کہہ سکتے ہیں اور صاف گو بھی۔ میں نے جب چند ایک سیاستدانوں کی ویڈیوکالز لیک کی تھیں اس کو لے کر میں نے میڈیا پر آ کر سب کھل کر بتایا تھا کہ ایسا کیوں کیا ہے میں نے اُس وقت میڈیا کا بہت اچھے سے سامنا کیا تھا۔‘
شادی شدہ ہونے کی خبروں کے بارے میں حریم شاہ نے انٹرویو میں بتایا کہ وہ ابھی سنگل ہیں اور جب بھی شادی کریں گی اس کو چھپائیں گی نہیں۔
حریم شاہ کے مطابق 'ان کے خلاف منفی اور جھوٹا پروپیگنڈا ہوتا رہتا ہے۔'
’میں سمجھتی ہوں کہ شادی بہت ہی خوبصورت بندھن ہے اس کو چھپانا کیوں؟ عورت کو خوش ہو کر اپنے شوہر کا تعارف کروانا چاہیے جو میرا شوہر ہوگا وہ سب کے سامنے ہوگا میں اعلانیہ نکاح کروں گی نکاح سنت اور مسنون چیز ہے۔‘

حریم شاہ نے کہا کہ وہ شادی کو نہیں چھپائیں گی (فوٹو: سوشل میڈیا)

حریم شاہ کہتی ہیں کہ اگر ٹک ٹاک سٹار نہ ہوتی تو استاد ہوتی۔ ’مجھے پتہ نہیں تھا کہ ٹک ٹاک میں آنے کے بعد مجھے اتنی شہرت ملے گی یا میرے اتنے زیادہ پرستار ہوں گے یہ بھی نہیں پتہ تھا کہ پروپیگنڈا بھی ہوگا اور مثبت چیزیں بھی ہوں گی۔ لیکن میں نے بہت کچھ سیکھا کہ آگے بڑھنے کے لیے انسان کو محنت کے ساتھ ساتھ خود کو بہت سنبھالنا پڑتا ہے۔‘
حریم شاہ نے اپنی کمائی کے بارے میں بتایا کہ ’میرا کمائی کا ذریعہ اگر پوچھیں تو سب سے پہلے یہ کہ میں سوشل میڈیا سٹار ہوں۔ دوسرا یہ کہ میں دبئی میں ایک بہت بڑی کمپنی کی برانڈ ایمبیسیڈر ہوں۔ اس کے علاوہ بہت سارے پراجیکٹس کر رہی ہوں۔‘
حریم شاہ کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، سات بہن بھائی ہیں۔ ان کے مطابق وہ ایم فل کی طالبہ ہیں۔

حریم شاہ خود کو باغی سمجھتی ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

حریم شاہ کے مطابق 'انہوں نے زندگی کا ایک بڑا حصہ تعلیم کی غرض سے ہاسٹلز میں گزارا ہے۔ ’ٹک ٹاک سٹار بننے کے بعد میرے والدین مجھ سے ناراض تھے اس میں کوئی شک نہیں، اس کی وجہ یہ تھی کہ ہمارے خاندان میں کوئی بھی لڑکی پہلے میڈیا میں نہیں آئی تھی لیکن میں نے جو بھی کیا اپنی ذات کے لیے کیا لیکن میرے والدین کا دل دُکھا ضرور تھا لیکن اب وہ مجھ سے راضی ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: