Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سے 250 پاکستانیوں کو لے کر پرواز کراچی پہنچ گئی

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ( پی آئی اے) کی ایک اور خصوصی پرواز پی کے 8732 سعودی عرب سے کورونا وائرس کی صورتحال کے باعث واپسی کے خواہشمند 250 پاکستانیوں کو لے کر جدہ سے کراچی پہنچ گئی ہے۔
یہ کورونا وائرس کے باعث سفری پابندیوں کے بعد جدہ سے کراچی کے لیے پہلی پرواز ہے.اس سے قبل جدہ سے پاکستانی عمرہ زائرین کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں چلائی گئی تھیں۔
خصوصی پرواز سے واپسی کے لیے ایمرجنسی، طبی امور، اقامے کی میعاد ختم ہونے اور خروج  نہائی والے افراد کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

قونصل جنرل خالد مجید نےجدہ ائیر پورٹ پر مسافروں کو رخصت کیا.(فوٹو اردونیوز)

 قونصلیٹ سے جاری بیان کے مطابق قونصل جنرل خالد مجید اور ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو نے سنیچر کو جدہ ائیر پورٹ پر مسافروں کو رخصت کیا۔
مسافروں نے قونصلیٹ اور حکومت پاکستان کا کراچی کے لیے پرواز کا انتظام کرنے پر شکریہ ادا کیا اور پاکستانیوں کی واپسی کے سلسلے میں کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔
قونصل جنرل خالد مجید نے اس موقعے پر بتایا کہ اس وقت تک پی آئی اے کی چار خصوصی پروازوں کے ذریعے تقریبا ایک ہزار پاکستانیوں کو سعودی عرب سے پاکستان پہنچایا جا چکا ہے۔ اگلے چند روز میں مزید پروازیں بھی متوقع ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'ہماری کوشش ہے کہ جتنے پاکستانی ممکن ہوں، انہیں عید سے پہلے وطن پہنچا دیں تاکہ وہ اپنے پیاروں کے ساتھ عید منا سکیں۔'

جمعے کو ایک پرواز ریاض سے لاہور جا چکی ہے (فوٹو اردونیوز)

واضح رہے کہ سعودی عرب سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے مزید چھ خصو صی پروازوں کے شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا۔
جمعے کو ایک پرواز ریاض سے لاہور جا چکی ہے۔
اس سے قبل پاکستانی سفارتخانے نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام  کے لیے لگائی گئی فضائی پابندیوں سے متأثر ایسے پاکستانی افراد اور خاندان جن کے ویزوں کی میعاد ختم ہو رہی ہے اور وہ وطن واپس جانا چاہتے ہیں وہ اپنے کوائف فراہم کریں تاکہ سفارت خانہ پاکستان کی طرف سے متعلقہ اداروں کو آگاہ کرکے ان کی جلد وطن واپسی کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔

شیئر: