Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بے روزگاری میں اضافہ ہوگا: فیڈرل ریزرو

امریکہ دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی فیڈرل ریزرو کے سربراہ نے کہا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے امریکہ شدید مالی بحران کا سامنا کر رہا ہے تاہم ملک کو 1930 جیسے مالی بحران کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
فیڈرل ریزرو کے سربراہ پاول جرام نے امید ظاہر کی ہے کہ ملکی معیشت رواں برس کے آخر میں بحال ہو جائے گی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دنیا کی طاقتور معیشت کورونا وائرس کی وبا سے پہلے مضبوط تھی لیکن اس وبا کی وجہ سے ملک میں کاروبار بند ہوا۔
اعداد وشمار کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کے باعث 30 ملین سے زیادہ ملازمتیں متاثر ہوئی ہیں۔
فیڈرل ریزرو کے سربراہ پاول جرام نے امریکہی ٹی وی چینل سی بی ایس کو ایک انٹرویو میں کہا کہ ’اپریل اور جون سے متعلق اقتصادی ڈیٹا بہت خراب ہوگا۔ معاشی سرگرمیوں میں بڑی حد تک کمی آئے گی اور بے روزگاری میں بھی بہت اضافہ ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ اس سہ ماہی میں امریکی معیشت 20 سے 30 فیصد تک گر سکتی ہے لیکن یہ گذشتہ صدی کے معاشی بحران سے بہت حد تک کم ہوگا۔
فیڈرل ریزرو کے سربراہ نے کہا کہ ان کے خیال میں تیسری سہ ماہی میں معاشی سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی لیکن انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ معمول کی جانب واپس ہونے میں وقت لگ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا سے دنیا میں سب سے زیادہ امریکہ متاثر ہوا ہے جہاں 89 ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔

کورونا وائرس کی وجہ سے امریکہ میں بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب پیر کو کورونا وائرس کی صورتحال پر عالمی ادارہ صحت کا سالانہ اجلاس شروع ہو رہا ہے۔
تاہم یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امریکہ اور چین کے درمیان تناؤ سے یہ اجلاس متاثر ہو سکتا ہے۔
یہ سالانہ اجلاس عمومی طور پر تین ہفتوں تک جاری رہتا ہے لیکن یہ اب دو دن جاری رہے گا۔
اس ورچول اجلاس میں ریاستوں کے سربراہ، حکومتی سربراہ، وزرائے صحت اور دیگر اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیدروس ایڈہانوم نے جمعے کو کہا تھا  کہ 1948 میں عالمی ادارہ صحت کے قیام کے بعد یہ سب سے اہم اجلاس ہوگا۔

عالمی ادارہ صحت کے اجلاس میں کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال پر بحث کی جائے گی (فوٹو: اے ایف پی)

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 14 لاکھ 86 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 89 ہزار سے زیادہ ہے۔
روس بھی کورونا سے متاثرہ ملکوں میں شامل ہے جہاں دو لاکھ 81 ہزار افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ برطانیہ میں دو لاکھ 44 ہزار افراد، برازیل میں دو لاکھ 41 ہزار، سپین دو لاکھ 30 ہزار، اٹلی دو لاکھ 25 ہزار سے زیادہ مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
فرانس میں ایک لاکھ 79ہزار، جرمنی ایک لاکھ 76 ہزار، ترکی ایک لاکھ 49 ہزار سے زیادہ، ایران ایک لاکھ 20 ہزار اور انڈیا میں 95 ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آئے۔
چین میں کورونا وائرس کے کیسز کی کل تعداد 84 ہزار ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں