جدہ تاریخیہ: ’شپ آف ٹولیرنس‘ جو رواداری کا پیغام دیتا ہے
وزارتِ ثقافت نے وولنٹیئر اور کمیونٹی پارٹنر شپ پروگرام لنبادر اور اثر فاؤنڈیشن کے تعاون سے رمضان کے دوران جدہ تاریخیہ میں ’شپ آف ٹولیرنس‘ انیشیٹیو کا آغاز کر دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس انیشیٹیو کا مقصد فنونِ لطیفہ کے ذریعے مشترکہ انسانی اقدار کو فروغ دینا اور بچوں اور خاندانوں کے درمیان رواداری اور باہمی ہم آہنگی کو تقویت دینا ہے۔
یہ اقدام ایک تعلیمی اور ثقافتی تجربہ فراہم کرتا ہے جو اس علاقے کی منفرد شناخت کے مطابق ہے، کیونکہ یہ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل مقام ہے۔
اس عالمی فنی منصوبے کے تحت بچے ایسے فن پارے تخلیق کریں گے جو قبولیت اور مکالمے کی نمائندگی کریں گے۔
رائل انسٹیٹیوٹ فار ٹریڈیشنل آرٹس (ورث) رمضان میں روایتی دستکاری کی ورکشاپس کا انعقاد کرے گا جو اس انیشیٹیو کے پیغام کو مقامی ثقافت سے جوڑیں گی اور وزیٹرز کو اس علاقے کی شناخت سے قریب کریں گی۔
یہ کاوش جدہ تاریخیہ میں تعلیمی اور سماجی پہلوؤں کے حامل ثقافتی پروگراموں کی حمایت کرتی ہے اور مقامی مقامات کو ایسے تجربات کے لیے فعال بناتی ہے جو فنون، دستکاری اور کمیونٹی کی شرکت کو یکجا کرتے ہیں۔

یہ انیشیٹیو سعودی وژن 2030 کے تحت قومی ثقافتی حکمتِ عملی سے ہم آہنگ ہے اور اس کا مقصد ورثے کے تحفظ اور روزمرہ زندگی میں ثقافتی کردار کو وسعت دینا ہے۔