Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اداکارہ ندا یاسر، یاسر نواز 'کورونا کا شکار'

ملک میں پھیلی کورونا وبا اور لاک ڈاؤن کے باوجود مارننگ شو کی شوٹنگ جاری تھی۔(فوٹو : سوشل میڈیا)
پاکستان کی مشہور اداکارہ اور ٹی وی ہوسٹ ندا یاسر اور ان کے شوہر یاسر نواز سمیت ڈرامہ سیریل ’میرا دل میرا دشمن‘ کے کچھ اداکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
شائستہ لودھی کی پی آر مینجر غانیہ اسد نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ندا شاہ کے ساتھ عید کے لیے مارننگ شو 15 مئی کو ریکارڈ کروایا گیا تھا جس میں ڈاکٹر شائستہ لودھی نے بھی شرکت کی تھی۔ یہ خبر سننے کے بعد ڈاکٹر شائستہ لودھی نے احتیاطاً اپنا کورونا ٹیسٹ کروا لیا جس کی رپورٹ منفی ہے۔
تاہم ابھی تک اداکار جوڑے کی جانب سے اس کی باقاعدہ تصدیق نہیں کی گئی۔
اس بارے میں مزید کیسز کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے شائستہ لودھی کی پی آر مینجر نے بتایا کہ ’ندا یاسر نے ڈارمہ سیریل میرا دل میرا دشمن کی کاسٹ کو شو پر بلایا تھا۔ جن میں سے علیزے شاہ اور ان کے دوست نعمان سمیع اور دونوں میاں بیوی (ندا یاسر اور یاسر نواز) میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔'
ادھر نجی ٹی وی اے آر وائی کے سربراہ سلمان اقبال نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ مارننگ شو کی ندا شاہ نے اپنی پوری فیملی کا کورونا ٹیسٹ کروایا ہے جس کے بعد معلوم ہوا ہے کہ ندا یاسر، ان کے شوہر اور ان کی بیٹی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔  

اس حوالے سے سوشل میڈیا صارفین بھی اپنے ردعمل اظہار کر رہے ہیں۔ 
نجی ٹی وی چینل کے ساتھ کام کرنے والی اینکر رابطہ انعم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ’مارننگ شو میزبان ان کے شوہر اور پوری ٹیم کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اللہ پاک سب کی حفاظت کرے۔'

جس کے جواب میں انیلہ چودھری نے لکھا کہ 'آپ نام کیوں چھپا رہی ہیں؟ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ جیتو پاکستان اور مارننگ شو رمضان ٹرانسمیشن جیسے پروگرام بند ہونے چاہیے۔ ہماری کب کسی نے سنی اب بھگتیں۔‘

سوشل میڈیا صارفین  کی جانب سے ندا یاسر کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باوجود مارننگ شو اور عید کے پروگرام ریکارڈ کرنے پر شیدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔
ٹوئٹر صارف وقاص بشارت کا کہنا تھا کہ ’افسوس! ایس او پیز صرف مساجد کے لیے ہی تھے۔‘

ٹوٹئر صارف فاتح نے مارننگ شو میں موجود 'میرا دل میرا دشمن' کی کاسٹ کی تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ وہ پڑھی لکھی ایلیٹ ہے۔ مارننگ شو میں شمولیت کرنے والی پوری کاسٹ کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ 'ندا یاسر نے عید کے کئی پروگرام ہوسٹ کیے ہیں۔ پیسوں کے لیے انہوں نے وائرس پھیلایا ہے۔‘

بلاگر اور ریڈیو آر جے عمبرین ریاض نے لکھا کہ 'ندا یاسر، ان کے شوہر یاسر نواز، اداکارہ علیزے شاہ، ان کے دوست نعمان سمیع اور پوری ٹیم کورونا میں مبتلا ہوگئی، یہ افسوس ناک ہے، برائے مہربانی گھروں میں رہیں، ڈرامے کی کاسٹ ان دنوں شوٹنگز میں مصروف ہے اور ممکن ہے کہ شوٹنگ کے دوران ہی وہ وائرس میں مبتلا ہوئے ہوں۔'

سوشل میڈیا میں یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ یاسر نواز کی فیملی میں کورونا کی علامات ظاہر ہوئی تھیں اور بعد میں ان کے ٹیسٹ مثبت آگئے لیکن ابھی تک ان کی طرف سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

شیئر: