Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایلن واکر کی لاہور آمد، پاکستانی گلوکاروں کے ساتھ نئے پراجیکٹ کا امکان

پروڈیوسر ایلن واکر نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں پاکستانی گانے ’الفاظ‘ کا میوزک سنائی دے رہا ہے۔(فوٹو:ویڈیو گریب)
عالمی شہرت یافتہ ڈی جے اور میوزک پروڈیوسر ایلن واکر نے لاہور آمد کے بعد ایک اور ویڈیو شیئر کی ہے جس میں پاکستانی گانے ’الفاظ‘ کا میوزک سنائی دے رہا ہے۔ 
ایلن واکر نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک مختصر ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ اپنے مخصوص لوگو والا لکڑی کا ڈبہ لاہور کے تاریخی عالمگیری دروازے کے سامنے، حضوری باغ کی جانب رکھتے دکھائی دیتے ہیں۔ ویڈیو کے پس منظر میں پاکستانی گانا ’الفاظ‘ چل رہا ہے۔
پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا، ’آپ سب کی محبت اور حمایت کا شکریہ! آپ کے پیار بھرے الفاظ اور تبصرے مجھے یہاں خوش آمدید کہے جانے کا احساس دلاتے ہیں۔‘
ان کی نئی پوسٹ نے پاکستانی گلوکاروں کے ساتھ ممکنہ اشتراک اور گانے کے نئے ورژن ’الفاظ 2.0‘ سے متعلق مداحوں کی توقعات بڑھا دی ہیں۔
ایلن واکر کی اس پوسٹ پر پاکستانی مداحوں نے تبصروں میں انہیں پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور ان کے لاہور میں قیام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
 کئی صارفین نے پاکستانی موسیقی میں دلچسپی لینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے مقامی گلوکاروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی امید بھی ظاہر کی۔ 
اس سے قبل ایلن واکر نے ’الفاظ‘ کی میوزک ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا تھا، ’ویڈیو میں ایک واکر کیوں ہے؟ ویسے خوبصورت ویڈیو ہے۔‘ 
ان کی توجہ ویڈیو میں گلوکاروں کے پیچھے چلتے ایک نقاب پوش شخص نے حاصل کی تھی، جس کا ماسک ان کے اپنے مخصوص انداز سے مشابہ تھا۔
گانے کے گلوکار حمزہ ملک نے جواب میں لکھا تھا کہ ویڈیو میں موجود واکر فی الحال ایک معمہ ہیں، لیکن شاید وہ مل کر اسے حل کر سکتے ہیں۔ 

اس کے بعد ایلن واکر نے ایئرپورٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ حمزہ نے انہیں جواب دے دیا ہے اور یہ گانا ہر جگہ سنائی دے رہا ہے، ’چلیں لاہور چلتے ہیں اور اسے مکمل کرتے ہیں۔‘

ایلن واکر نے لاہور پہنچنے کے بعد شہر کی گلیوں کی ویڈیوز بھی شیئر کیں اور گانے ’الفاظ‘ سے وابستہ گلوکاروں حمزہ ملک اور میوزک جوڑی زین ذوہیب کے ساتھ تصویر پوسٹ کی۔ 
ان کی آمد اور گلوکاروں سے ملاقات کے بعد مداح یہ جاننے کے منتظر ہیں کہ آیا یہ ملاقات کسی نئے گانے یا ریمکس کی تیاری کا حصہ ہے۔
تاہم ایلن واکر یا پاکستانی گلوکاروں کی جانب سے ابھی تک کسی مشترکہ گانے یا ’الفاظ 2.0‘ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
ایلن واکر کو 2015 میں گانے ’فیڈڈ‘ سے عالمی شہرت حاصل ہوئی۔ 
ان کے دیگر معروف گانوں میں ’الون‘، ’دی سپیکٹر‘، ’سنگ می ٹو سلیپ‘ اور ’ڈارک سائیڈ‘ شامل ہیں۔ وہ اپنی موسیقی کے ساتھ مخصوص ماسک پہننے کے انداز کے باعث بھی دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں۔

شیئر: