Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میت سے کورونا منتقل نہیں ہوتا‘، تدفین کا نیا ہدایت نامہ

میت کو غسل دینے کے حوالے سے کوئی ممانعت نہیں ہے۔ فوٹو اے ایف پی
حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کے باعث انتقال کر جانے والوں کی تدفین کے حوالے سے نیا سرکاری ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے جو سرکاری ویب سائٹ پر موجود ہے۔
اس امر کا اعلان جمعے کو اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے نیوز کانفرنس میں کیا۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ چونکہ میت سے کسی کو کورونا وائرس منتقل ہونے کے ثبوت نہیں ملے ہیں اس لیے پہلے سے موجود ہدایت نامے میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
ہدایت نامے کے مطابق میت کو سنبھالنے اور دیگر امور انجام دینے والوں کے لیے ضروری ہے کہ ماسک، دستانوں اور گاؤن کا استعمال کریں، تاہم ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق میت کو زیادہ چھونے سے پرہیز کرنا چاہیے، جو بھی میت کے قریب جائے احتیاطی سامان لازمی استعمال کرے۔
انہوں نے کہا کہ میت کو غسل دینے کے حوالے سے کوئی ممانعت نہیں ہے تاہم ضروری احتیاطی سامان استعمال کرنا ضروری ہے۔
’اس بات کا خیال رکھا جائے کہ پانی کی چھینٹیں نہ اڑیں، اس موقع پر ماسک کے علاوہ فیس شیلڈ اور گاگلز بھی استعمال کیے جائیں۔‘
میت کے کفن کے حوالے سے ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ ’دوسری میتوں کی طرح کفن پہنایا جائے تاہم پہنانے والوں کے لیے ضروری ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔‘
انہوں نے کہا کہ جنازے میں زیادہ ہجوم جمع نہ کرنے کی کوشش کی جائے، گھر والے اور قریبی رشتہ دار ہی شرکت کریں تو بہتر ہے، جنازے میں دور دور کھڑا ہوا جائے۔
’احتیاط کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے میت کو قبرستان لے جایا جائے تاہم زیادہ رش نہ لگایا جائے، جو لوگ میت کو قبر میں اتاریں وہ ماسک، دستانے اور حفاطتی گاؤن ضرور پہنیں۔‘
معاون خصوصی نے چوبیس گھنٹے کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ ملک میں مزید دو ہزار 636 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 57 اموات ہوئی ہیں۔
’پاکستان کے 64 ہزار کنفرم کیسز میں سے 35 فیصد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔‘
ڈاکٹر ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آج جمعے کو سامنے آنے والے کیسز کی تعداد اور اموات سے ظاہر ہے کہ وبا پھیل رہی ہے۔
’ملک کے تمام ہسپتالوں میں بیڈز کی تعداد، خالی یا بھرے، وینٹی لینٹرز اور دیگر معاملات کے حوالے سے کل سے ایک نیا نظام شروع کیا جا رہا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ وینٹی لیٹرز اور دوسرا میڈیکل سامان وافر مقدار میں موجود ہے۔

شیئر: