Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں 24 گھنٹوں میں 57 ہلاکتیں

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں ریکارڈ 57 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر ایک ہزار 317 ہو گئی ہے۔
جمعے کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں ریکارڈ 57 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا کے اب تک 64 ہزار 28 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے دو ہزار 636 گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آئے۔ ملک میں اب تک 22 ہزار 305 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں ہلاکتوں کی تعداد 432 تک پہنچ گئی ہے جہاں گزشتہ روز ایک مقامی صحافی فخر الدین سید کا بھی کورونا کے باعث انتقال ہوا تھا۔
پنجاب میں 410 اور سندھ میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 396 ہو گئی ہے۔ بلوچستان میں  43 اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اب تک 22 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
ملک بھر میں اس وقت 496 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
کورونا متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد سندھ میں ہے جہاں اب تک 25 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ پنجاب میں 23 ہزار کے لگ بھگ جبکہ خیبر پختونخوا میں اب تک آٹھ ہزار 842 کیسز سامنے آئے ہیں۔

پاکستان میں دو ماہ تک لاک ڈاؤن کے بعد کاروبار کو مرحلہ وار کھولنے کی اجازت دی گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

بلوچستان میں تین ہزار 928 جبکہ اسلام آباد میں 2100 افراد عالمی وبا سے متاثر ہوئے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو اقوام متحدہ کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےپاکستان کے  وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کورونا کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کے مسائل بہت زیادہ بڑھے۔
انہوں نے لاک ڈاؤن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب اس کا آغاز ہوا تو اندازہ تھا کہ اس سے سب سے زیادہ دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہو گا۔
’اس سے تقریباً دو کروڑ افراد متاثر ہوئے اور خاندان والوں کو ملایا جائے تو یہ تعداد پندرہ کروڑ تک تھی۔‘

شیئر: