Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان: 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 78 ہلاکتیں

شہریار آفریدی نے ٹویٹ کیا کہ انہوں نے اپنے آپ کو گھر پر آئسولیٹ کر لیا ہے۔ فوٹو: ٹوئٹر
پاکستان کے وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی بھی کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔
سنیچر کی صبح شہریار آفریدی نے ٹویٹ کیا کہ ’میرا کرونا وائرس ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے اور میں نے ڈاکٹرز کی ہدایت پر اپنے آپ کو گھر پر آئسولیٹ کر لیا ہے۔ رب ذوالجلال سے دعا ہے کہ وطن عزیز کو موذی وبا سے محفوظ بنائے اور وزیراعظم عمران خان سرخرو ہوں۔‘
دوسری جانب سنیچر کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں ریکارڈ 78 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ دو ہزار 400 سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ 
ادھر سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے سنیچر کورونا وائرس کی صورتحال پر بیان میں کہا ہے کہ صوبے میں مزید 38 مریض انتقال کر گئے ہیں جبکہ 310 کی حالت تشویشناک ہے۔
مراد علی شاہ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے اعداد وشمار بتاتے ہوئے کہا کہ 1247 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس دوران 522 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5481 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 1247 نئے مریض ظاہر ہوئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق سنیچر کی صبح تک ملک میں اب تک عالمی وبا سے ایک ہزار 395 اموات ہو چکی ہیں، جبکہ اب تک 66 ہزار چار سو 57 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سب سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ خیبر پختونخوا میں ہوئی ہیں، جہاں تعداد 445 ہے۔ صوبے میں مصدقہ کیسز کی تعداد نو ہزار 67 ہے۔
پنجاب میں 439 ہلاکتیں ہوئی ہیں، جہاں 24 ہزار ایک سو چار افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سندھ میں 427 افراد وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گئے۔ صوبے میں کیسز کی تعداد 26 ہزار ایک سو 13 ہے۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق بلوچستان میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 46 ہوگئی ہے، جبکہ مصدقہ کیسز چار ہزار 87 ہیں۔
اور اسلام آباد میں 23 ہلاکتیں ہوچکی ہیں، جبکہ مصدقہ کیسز دو ہزار ایک سو 92 ہے۔
گلگت بلتستان میں اب تک نو اموات ہوئی ہیں جبکہ چھ سو 60 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں کورونا سے موت کے منہ میں جانے والوں کی تعداد چھ ہے، اور مصدقہ کیسز دو سو 34 ہیں۔

شیئر: