Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اندرون ملک فضائی سفر کے لیے نئے ضوابط جاری

.سعودی سول ایوی ایشن نے اندرون ملک پروازوں پر سفر کرنے والوں کےلیے مفصل ہدایات نامہ جاری کردیا جس پرعمل کرنا ہر ایک پر لازم ہوگا۔ طبی ماسک اور سینیٹائزر استعمال کرنا لازمی ہوگا ۔ ماسک نہ پہننے والے کو بورڈنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری قواعد میں کہا ہے کہ ’اندرون ملک فضائی سروس سے سفر کرنے والوں کےلیے لازمی ہے کہ وہ طبی ماسک اور دستانے استعمال کریں،مسافر فلائٹ سے زیادہ سے زیادہ 2 گھنٹے قبل ایئر پورٹ پر پہنچیں‘۔
دستانے اور ماسک دوران پرواز اور جہاز سے اترنے کے بعد بھی استعمال کیے جائیں ، مملکت کے تمام ہوائی اڈوں پر سینیٹائزر کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے تاکہ مسافر ہاتھوں کو مستقل طور پر سینٹائز کرسکیں۔

دوران سفر ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال لازمی ہوگا(فوٹو، سوشل میڈیا)

ایوی ایشن کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایس او پیز میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اندرون ملک سفر کے لیے ٹکٹ آن لائن ہی خریدے جاسکیں گے۔
ایئرپورٹ پر آنے والے تمام مسافروں کا درجہ حرارت مانیٹرکیاجانالازمی ہے، وہ مسافر جو درجہ حرارت چیک کرانے سے انکار کریں گے یا ماسک استعمال نہیں کریں گے انہیں سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مسافروں کو طبی حالت کے بارے میں فلائٹ کی بکنگ کے دوران یہ واضح کرنا ہو گا کہ انہیں کورونا وائرس تو لاحق نہیں۔ کسی بھی مسافر کو ہینڈ کیری کے لیے ایک ہی پیس لے جانے کی اجازت ہو گی جو 7 کلو گرام سے زائد کا نہ ہو۔
کرنسی نوٹ استعمال کرنے سے جہاں تک ہوسکے گریز کیاجائے کوشش کریں کہ بینک ڈیبیٹ یا کریڈیٹ کارڈ استعمال کیاجائے ، بورڈنگ اور جہاز سے اترتے وقت سماجی فاصلے کے دوری کا خاص خیال رکھا جائے۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے مملکت کے تمام ایئر پورٹس کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایئرپورٹ کی ہر 3 گھنٹے بعد سینیٹائزنگ کے عمل کویقینی بنائیں۔

سماجی فاصلے کے اصول پر مکمل عمل کیاجائے(فوٹو، ایس پی اے )

سول ایوی ایشن کی جانب سے تمام ایئر پورٹس پر ماسک اور دستانے تلف کرنے کےلیے خصوصی ڈرمز رکھے گئے ہیں جن میں استعمال شدہ ماسک یا دستانے ڈالے جاسکتے ہیں ، مسافروں کو جاری کی جانے والی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ وہ دستانے یا طبی ماسک ان ڈرمز میں ہی ڈالیں۔

شیئر: