Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب سے پاکستانیوں کی واپسی، ایک دن میں چار پروازیں

سعودی عرب سے پاکستانیوں کی واپسی کا عمل تیز کردیا گیا ہے اور ایک دن میں چار خصوصی پروازیں ریاض اور جدہ سے گئی ہیں۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی تین خصوصی پروازیں منگل کو ریاض سے پشاور اور ملتان پہنچ گئیں۔
جدہ سے سعودی عربیئن ایئر لائنز کی ایک خصوصی پرواز اسلام آباد پہنچی ہے جبکہ ملتان جانے والی دو پروازوں میں 140، 140 اور پشاور جانے والی خصوصی پرواز کے ذریعے 250 مسافر سعودی عرب سے پاکستان پہنچے ہیں۔

سفیر پاکستان مسافروں کو الوداع کہنے کے لیے ائیر پورٹ پر موجود تھے۔(فوٹو اردونیوز)

پشاور جانے والی پرواز سے سولہ پاکستانیوں کی میتیں بھی بھیجی گئی ہیں۔
سفیر پاکستان راجہ اعجاز، ڈپٹی ہیڈ آف مشن اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی مسافروں کو الوداع کہنے کے لیے ائیر پورٹ پر موجود تھے۔
یاد رہے کہ حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا کے باعث سعودی عرب سے واپس آنے کی خواہشمند پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
اس سلسلے میں یہ جدہ سے آٹھویں  پرواز ہے۔ اب تک 1700 افراد کو پاکستان پہنچایا جا چکا ہے جبکہ ریاض سے آٹھ  پروازوں کے ذریعے 1434 پاکستانی واپس جا چکے ہیں۔ دمام سے بھی خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستانی واپس گئے ہیں۔

سعودی عرب سے پاکستانیوں کی واپسی کا عمل تیز کردیا گیا ہے(فوٹو اردونیوز)

 ریاض میں سفارتخانہ پاکستان اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ پی آئی اے کے عملے کے تعاون سے سعودی عرب سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کے انتظامات کررہے ہیں۔
 سعودی عرب میں اس وقت ہزاروں پاکستانی وطن واپسی کے خواہشمند ہیں جن میں سے بیشتر وزٹ یا بزنس ویزے پر آئے تھے یا ان کا خروج نہائی لگا تھا اور وہ سفری پابندیوں کے باعث واپس نہیں جا سکے تھے۔
 دریں اثنا دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کی تین پروازیں 530 پھنسے ہوئے پاکستانیوں اور 16 میتوں کو لے کر منگل کو ریاض سے پاکستان پہنچی ہیں۔
بیان کے مطابق ریاض میں قائم پاکستانی سفارتخانے اور جدہ میں قونصلیٹ جنرل نے 480 عمرہ زائرین اور 195 قیدیوں سمیت 4000 سے زائد پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی میں معاونت کی ہے۔

  دفتر خارجہ کے مطابق خصوصی پروازوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔(فوٹو سوشل میڈیا)

پاکستانی دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق سعودی عرب میں پاکستان مشن پاکستانی تارکین وطن کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور لاک ڈاؤن کی پابندیوں کے تناظر میں ان کی ممکنہ معاونت کی جا رہی ہے۔
ریاض میں پاکستان کے سفارتخانے کی درخواست پر پاکستانیوں کی واپسی کے لیے سعودی عرب جانے والی خصوصی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
مشنز نے انتقال کر جانے والے پاکستانیوں کی مقامی تدفین کے 40 کیسز میں بھی معاونت کی ہے جبکہ اب تک 90 میتوں کو وطن واپس لایا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم  کی ہدایت کے تحت بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے وزارت خارجہ امور کوششیں جاری رکھے گی۔

شیئر: