Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی ویکسین الائنس کو 15 کروڑ ڈالر کی امداد

سعودی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ کورونا سے نمٹنے کی کوششوں میں مدد کے لیے 15 کروڑ امریکی‌ ڈالر امداد دی جائے گی (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب نے تصدیق کی ہے کہ وہ ویکسینیشن اور امیونائزیشن کے عالمی اتحاد ’گاوی، دی ویکسین الائنس‘ کو کورونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں میں مدد کے لیے 15 کروڑ امریکی‌ ڈالر امداد دے گا۔
مارچ میں سعودی عرب کی سربراہی میں منعقدہ جی 20 سمٹ کے دوران سعودی عرب نے اعلان کیا تھا وہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے جاری بین الاقوامی کوششوں کے لیے 50 کروڑ ڈالر امداد دے گا۔
جمعرات کو برطانیہ کی میزبانی میں ایک ویکسین سمٹ کے دوران سعودی وزیر خارجہ نے تصدیق کی کہ اس رقم میں سے 15 کروڑ ڈالر 'گاوی' کے لیے مختص کیے جا سکتے ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ پرنس فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’اس رقم میں سے، 15 کروڑ ڈالر گاوی کے لیے مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مجھے خوشی ہے، جس سے اس اتحاد کی انتھک کوششوں کو مدد ملے گی۔
برطانوی حکومت جمعرات کو ایک ویکسین سمٹ کی میزبانی کر رہی ہے اور پرامید ہے کہ ترقی پذیر ممالک میں بچوں کو امیونائز کرنے کے لیے اربوں ڈالر جمع کیے جائیں گے۔ سمٹ کے شرکا نئے کورونا وائرس کے انسداد کی کسی ممکنہ ویکسین کی عالمی سطح پر منصفانہ تقسیم کے بارے میں بھی بات چیت کریں گے۔

شیئر: