Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیرن سیمی کو نسلی تعصُب کی شکایت

سیمی نسلی تعصب کے خلاف پہلے بھی پیغامات دیتے رہے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان کی اعزازی شہریت رکھنے والے ڈیرن سیمی نے سوشل میڈیا پر انکشاف کیا ہے کہ انہیں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں تسلی تعصب پر مبنی لفظ سے پکارا جاتا تھا۔
سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ انسٹاگرام کی سٹوری میں دیے گئے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ جب وہ آئی پی ایل میں کھیلتے تھے تو انہیں اور پریرا (سری لنکن کرکٹرز) کو ’کالو‘ کہہ کر پکارا جاتا تھا۔
ڈیرن سیمی نے اپنے جذبات کے اظہار کے لیے غصہ ظاہر کرنے والی ایموجیز شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں سمجھتا تھا کہ اس سے مراد طاقتور گھوڑا ہے۔ میری گذشتہ پوسٹ مجھے کچھ اور بتا رہی ہے اور میں غصے میں ہوں۔‘
سینٹ لوئس سے تعلق رکھنے والے ڈیرن سیمی آئی پی ایل کی فرنچائز سن رائزرز حیدر آباد کی طرف سے کھیلتے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں بھی اس بات کا ذکر کیا۔

انسٹاگرام کی ایک الگ سرگرمی میں انہوں نے ایک ویڈیو پر تبصرے میں لکھا کہ ’اچھا تو وہ مجھے اور پریرا کو جو پکارتے تھے اس کا مطلب یہ تھا۔ میرا خیال تھا کہ وہ مجھے توانا سیاہ فام کہتے ہیں۔ میں اب مزید غصے میں ہوں۔‘
امریکہ میں سیاہ فام جارج فلائیڈ کی پولیس تشدد سے ہلاکت کے بعد نسل پرستی کے حوالے سے مسلسل احتجاج ہو رہا ہے۔ اس دوران سوشل میڈیا صارفین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سیاہ فام افراد سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یکساں حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ڈیرن سیمی اس سے قبل بھی سیاہ فام افراد سے امریکی پولیس کے سلوک کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پیغامات دیتے رہے ہیں۔ چند روز قبل اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ اگر جارج فلائیڈ کی ویڈیو دیکھنے کے بعد بھی کرکٹ کی دنیا سیاہ فاموں کے ساتھ ناانصافی کے خلاف کھڑی نہیں ہوتی تو یہ بھی اس مسئلے کا حصہ ہے۔ 

ڈیرن سیمی کے اس موقف پر کچھ لوگوں نے اعتراض کیا تو انہوں نے جواب میں کہا تھا کہ میں اصل واقعے کی جگہ سے دور سہی لیکن غلط کام پر آواز بلند کرنی چاہیے۔
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان اور ہیڈکوچ رہنے والے ڈیرن سیمی کو ان کی کرکٹ سے متعلق خدمات کے اعتراف میں پاکستان کی اعزازی شہریت دی گئی ہے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: