Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ منورہ سمیت کئی علاقوں میں بارش، الھدا روڈ بند

پیر کو بھی چھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔(فوٹو سبق)
سعودی عرب  میں مدینہ منورہ سمیت  مختلف علاقوں میں  اتوار کو بارش  کی اطلاعات ہیں جبکہ پیر کو بھی چھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے  بیان میں کہا کہ  پیر 8 جون کو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، باحہ، عسیر، جازان اور قصیم ریجنوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ 
اس سے قبل مملکت کےشمالی اور مغربی علاقوں میں گرد آلود ہواؤں سے حد نظر محدود ہوجائے گی۔

الھدا روڈ  مسافروں کی سلامتی کی خاطر بند کیا گیا ہے۔(فوٹو سبق)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ مشرقی ریجن سے شروع ہوگا اور ریاض تک پھیل جائے گا۔ نجران بھی اس کی زد میں آجائے گا۔ ہوائیں  فی گھنٹہ 15 تا  40 کلو میٹر کی رفتار سےمغرب سے شمال مغرب کی جانب چلیں گی۔
جازان میں اتوار کو بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ کئی علاقوں میں اوسط درجے کی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ریاض ریجن کی گیارہ کمشنریوں میں بارش کا سلسلہ چل رہا ہے-  امکان ہے کہ کل پیر تک یہ سلسلہ جاری رہے گا-
باحہ اور تبوک سے بھی اتوار کو گرد آلود ہواؤں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے ہفتے کو توقع ظاہر کی تھی کہ  اتوار کوسعودی عرب کے 8 علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے موسلا دھار بارش کی وجہ سے طائف آنے جانے والا الھدا روڈ  مسافروں کی سلامتی کی خاطر بند کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مدینہ منورہ میں مختلف مقامات پر اتوار کو بوندا باندی ہوئی ہے ۔ مطلع  ابر آلود ہے۔

شیئر: