Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تاریخی سہ فریقی سربراہی اجلاس سے قبل صدر شی جن پنگ اور صدر پوتن کی ملاقات

تاریخی سہ فریقی سربراہی اجلاس سے ایک روز قبل چین کے صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن مذاکرات کر رہے ہیں۔
بدھ کو چین کے جنوبی شہر شین ژین میں دونوں رہنماؤں کے درمیان مذاکرات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ جمعرات کو ہونے والے تاریخی سہ فریقی سربراہی اجلاس سے ایک روز قبل ہوئےہ
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی جمعرات کو ہونے والے اس سہ فریقی اجلاس کے حوالے سے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ تینوں عالمی طاقتوں کے رہنما یوکرین اور یورپ کو اعتماد میں لیے بغیر یوکرین جنگ کے مستقبل کا فیصلہ کر سکتے ہیں اور دنیا کو 21ویں صدی کے اثر و رسوخ کے دائروں میں تقسیم کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
واشنگٹن نے پہلے اشارہ دیا تھا کہ اجلاس میں یوکرین کا معاملہ زیر بحث آنے کا امکان نہیں، کیونکہ صدر شی جن پنگ اسے چین کا مسئلہ نہیں سمجھتے تاہم بعد میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔
چین نے صرف اتنا کہا ہے کہ ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپک) اجلاس کے موقع پر تینوں رہنما عالمی امن کے تحفظ اور بڑی طاقتوں کے تعلقات میں سٹریٹیجک استحکام کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔
امریکی حکام کے مطابق ایران جنگ اور جوہری ہتھیاروں میں کمی کا معاملہ بھی مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہو سکتا ہے۔ امریکہ اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں سے متعلق دوطرفہ معاہدہ فروری میں ختم ہو گیا تھا۔
بیجنگ طویل عرصے سے مؤقف اختیار کرتا آیا ہے کہ چین کے محدود جوہری ذخیرے پر مذاکرات سے پہلے امریکہ اور روس کو اپنے بڑے جوہری ہتھیاروں کے ذخائر میں کمی کرنی چاہیے۔
عالمی تنہائی سے نکلنے کی کوشش

امریکی حکام کے مطابق ایران جنگ اور جوہری ہتھیاروں میں کمی کا معاملہ بھی مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہو سکتا ہے: فوٹو اے ایف پی

چین اور روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسیوں نے بدھ کو دوپہر کے قریب صدر شی جن پنگ اور صدر پوتن کے درمیان بات چیت شروع ہونے کے بارے میں بتایا۔
 رواں سال دونوں رہنماؤں کی یہ پانچویں ملاقات تھی، جس میں ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والی ایک ملاقات بھی شامل ہے۔
2022 میں یوکرین پر حملے کے بعد سے صدر پوتن کو مغربی ممالک کی جانب سے سفارتی تنہائی کا سامنا ہے۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ کے بدترین تنازع کا آغاز اسی حملے سے ہوا تھا۔
بدھ کو ایپک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پوتن نے کہا کہ انہیں شی جن پنگ اور ٹرمپ کے ساتھ سہ فریقی سربراہی اجلاس سے بہت فائدہ مند نتائج کی توقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فوجی اور سیاسی خطرات میں اضافے کے اس دور میں تقسیم کے بجائے اتحاد اور دھمکیوں کے بجائے مکالمے کی ضرورت ہے۔
صدر پوتن نے یوکرین پر حملے کے بعد روس پر عائد مغربی پابندیوں کو بھی غیر مؤثر قرار دیا۔ ان کے بقول یہ پابندیاں روس کی ترقی کو مکمل طور پر روکنے یا اس کی معیشت کو تباہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوئیں۔
اس سے قبل صدر شی جن پنگ نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور آزاد تجارت کے شعبوں میں عالمی تعاون بڑھانے پر زور دیا تھا۔
ایپک اجلاس کے افتتاح کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ چین محصولات میں کمی، مارکیٹ تک رسائی میں اضافے اور ضابطوں و انتظامی معیارات پر غور کے ذریعے اصلاحات کا عمل آگے بڑھائے گا۔
روسی حکام کے مطابق شی جن پنگ اورصدر پوتن کے درمیان توانائی اور مالیاتی امور پر بھی بات چیت متوقع تھی، جس کے بعد محدود سطح کے اجلاس میں یوکرین اور شمالی کوریا سمیت خارجہ پالیسی کے معاملات زیر بحث آ سکتے تھے۔
کیا شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن بھی ملاقات کریں گے؟

امریکی وزیر خارجہ نے صدر ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کے درمیان ممکنہ ملاقات کی تصدیق نہیں کی: فائل فوٹو اے ایف پی

ادھر ٹرمپ بدھ کو فلپائن میں موجود تھے، جہاں ایک روز قبل انہوں نے اپنی دوسری صدارتی مدت میں پہلی مرتبہ کواڈ گروپ کے رہنماؤں، یعنی آسٹریلیا، جاپان اور بھارت کے سربراہان سے ملاقات کی تھی۔
یہ گروپ خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ شینزن میں اپنے دورے کے اگلے مرحلے کے دوران صدر پوتن اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے الگ الگ ملاقاتوں کے خواہاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کم جونگ اُن بھی چین میں ملاقات کرنا چاہیں گے۔
تاہم امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بدھ کو کم جونگ اُن سے ممکنہ ملاقات کی تصدیق نہیں کی۔
منیلا میں گفتگو کرتے ہوئے روبیو نے کہا کہ اگر امریکہ کو شمالی کوریا کے ساتھ کوئی مسئلہ حل کرنا ہے تو اس کا واحد راستہ بات چیت ہے۔
ٹرمپ فلپائن میں 11 رکنی جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے موجود تھے۔
ان کے دورے کے دوران تقریباً دو ہزار افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ایسے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ’ٹرمپ واپس جاؤ‘ اور ’پیکس سلیکا مسترد کرو‘ کے نعرے درج تھے۔ پیکس سلیکا امریکہ کے ایک سپلائی چین منصوبے کا نام ہے۔
محصولات، سیمی کنڈکٹر چپس اور نایاب معدنیات
آسیان رہنما جہاں خطے کے مختلف مسائل پر غور کر رہے تھے، وہیں ٹرمپ کی جانب سے جاری تجارتی محصولات کے اثرات بھی اجلاس میں نمایاں رہے۔
چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے پیر کو یکطرفہ پسندی اور تحفظ پسندی کی لہر پر تنقید کرتے ہوئے آسیان ممالک کے ساتھ چین کی بڑھتی ہوئی تجارت کو اجاگر کیا۔
برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا اور کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے بھی اسی نوعیت کے خیالات کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے واضح طور پر کہا کہ ان کے ممالک کو امریکی مارکیٹ پر انحصار کم کرنے کی ضرورت ہے۔
منگل کو ٹرمپ نے چین کے ساتھ تجارتی کشیدگی میں کمی کے کوئی آثار ظاہر نہیں کیے اور کہا کہ امریکہ آئندہ 10 ماہ میں نایاب معدنیات کی پیداوار میں چین کے برابر آ جائے گا۔
ٹرمپ کی منیلا آمد سے چند گھنٹے قبل واشنگٹن نے جدید مصنوعی ذہانت کی چپس کی منتقلی سے متعلق نئے ضوابط کا اعلان کیا۔ اس اقدام سے آسیان کے بعض ممالک متاثر ہو سکتے ہیں۔
نئے ضوابط کے تحت سنگاپور، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کو جدید چپس برآمد کرنے والی کمپنیوں کو خصوصی لائسنس حاصل کرنا ہو گا۔ امریکی حکام کے مطابق ان ممالک کے ذریعے چپس کی غیر مجاز منتقلی کا خطرہ معمول سے زیادہ ہے۔
سنگاپور نے اس اعلان کے بعد کہا کہ وہ اپنی سرزمین پر قائم کمپنیوں کے لیے قابل اعتماد رسائی کو ممکن بنانے کے طریقوں پر غور کر رہا ہے۔

شیئر: