Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے دوران ٹریفک حادثات اور انشورنس کلیمز میں کمی

کرفیو کی وجہ سے انشورنس سکیم میں 2 ماہ کی توسیع کی گئی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے کیے جانے والے احتیاطی اقدامات کے تحت کرفیو اور لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کرفیو کے اوقات میں سڑکیں گاڑیوں سے خالی رہتی ہیں۔
شاہراہوں پر ٹریفک میں غیر معمولی کمی سے حادثات میں بھی کافی حد تک کمی آئی ہے جس کے باعث انشورنس کلیمز بھی بہت حد تک کم ہو گئے ہیں۔
ٹریفک حادثات کی پیروی کرنے والی کمپنی ’نجم ‘ کا کہنا ہے کہ کرفیو کی وجہ سے حادثات میں ہونے والی کمی کے مثبت اثرات دیکھنے میں آئے ہیں۔

انشورنس نہ ہونے پر ٹریفک پولیس حادثات کی رپورٹ تیار کرتی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

سعودی عرب کے اخبار ’الشرق الاوسط ‘ کے مطابق ٹریفک حادثات کی رپورٹ تیار کرنے والی کمپنی کے آپریشنل ڈائریکٹر ’محمد السلیمان‘ کا کہنا ہے کہ ملک میں کرفیو کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک میں کمی سے حادثات میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے جس کی وجہ سے انشورنس کلیمز بھی کافی حد تک کم ہو گئے ہیں۔
آپریشنل ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ سعودی مانیٹرنگ ایجنسی نے انشورنس کمپنی کے تعاون سے ان لوگوں کی  گاڑیوں کی انشورنس سکیم میں خودکار طریقے سے 2 ماہ کی توسیع کرائی ہے جن کی پالیسی ختم ہو رہی تھی تاکہ انہیں کرفیو کے دوران انشورنس کرانے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں ٹریفک قوانین کے تحت گاڑیوں کی سالانہ بنیاد پر انشورنس کرانا لازمی ہے۔ انشورنس نہ ہونے پر حادثے کی صورت میں غلطی کی بنیاد پر دوسرے کی گاڑی بنوانے کے جملہ اخراجات ادا کرنا ہوتے ہیں۔
تھرڈ پارٹی انشورنس سکیم لازمی ہوتی ہے تاہم یہ گاڑی مالکان کی مرضی پر منحصر ہے کہ وہ مکمل انشورنس کرائیں یا تھرڈ پارٹی انشورنس۔ لازمی انشورنس نہ ہونے پر چالان ہوتا ہے۔
حادثات کی رپورٹ بنانے کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے تمام خدمات  نجی سکیورٹی کمپنی جسے نجم کہتے ہیں کو آؤٹ سورس کیا گیا ہے جو ایسے حادثات کی رپورٹ تیار کرتے ہیں جن میں فریقین کے پاس کارآمد انشورنس ہو۔

لازمی انشورنس نہ ہونے پر چالان کیا جاتا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

نجم کمپنی کی جانب سے تیار کی جانے والی حادثے کے رپورٹ پر فیصلہ کیا جاتا ہے جس کے بعد انشورنس کلیم داخل کر کے گاڑی کی مرمت کے حساب سے رقم انشورنس کرانے والے کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو جاتی ہے۔

شیئر: