Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کئی علاقوں میں مزید پابندیاں ضروری

تمام سعودی شہری اور مقیم غیرملکی حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں(فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ  کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سعودی عرب کے کئی علاقوں میں مزید پابندیاں ضروری ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کورونا وائرس کی نئی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے بیشتر علاقوں اور کمشنریوں میں وائرس سے بچاؤ کےلیے مقرر پروگرام پر مناسب طریقے سے عمل کیا جارہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کئی علاقے ایسے بھی ہیں جہاں حفاظتی اقدامات کی پابندی مثالی شکل میں کی جارہی ہے اور یہ بڑی حوصلہ افزا بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت صحت مملکت بھر میں حفظان صحت کے  ضوابط پر عمل درآمد کے حوالے سے مسلسل نظر رکھے ہوئے  ہے۔ ’جائزہ جاتی ٹیم اس بات کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے کہ کہاں کس حد تک بچاؤ کے ضوابط پر عمل کیا جارہا ہے۔‘
ترجمان کے مطابق مملکت کے کئی ایسے علاقے ریکارڈ پر آئے ہیں جہاں وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور کنٹرول کو یقینی بنانے کے لیے مزید محنت کی ضرورت ہے اور سخت حفاظتی ضوابط کی پابندی ضروری ہوگئی ہے۔
العبد العالی نےمزید کہا کہ وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے سلسلے میں متاثرین کی تعداد اور نازک کیسز کا تناسب بے حد اہمیت رکھتا ہے۔ اہم فیصلے انہی بنیادوں پر کیے جارہے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ایک سوال پر وزارت صحت کے ترجمان نے تسلیم کیا کہ ابھی تک سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پیک  کے بارے میں کوئی دعوی نہیں کیا جاسکتا۔ اہم یہ ہے کہ تمام سعودی شہری اور مقیم غیرملکی حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں اور کورونا کے متاثرین پابندی سے اپنا علاج جاری رکھیں۔

کئی علاقوں میں وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مزید محنت کی ضرورت ہے(فوٹو سبق)

وزارت صحت سے دریافت کیا گیا تھا کہ نئے کورونا کی وبا کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ سعودی عرب میں اس وبا کا پیک جلد آنے والا ہے اور ماہرین اس حوالے سے کچھ بھی بتانے سے گریز کررہے ہیں۔
وزارت صحت نے توجہ دلائی کہ کوئی بھی شخص یہ نہیں بتا سکتا کہ کب مملکت میں کورونا وائرس کی وبا نکتہ عروج کو پہنچے گی۔ کوئی شخص بھی اس حوالے سے درست قیاس آرائی نہیں کرسکتا کہ یہ وائرس کس دن اور کس تاریخ کو پوری شدت کے ساتھ پھیلے گا اسی لیے  وزارت صحت کی ساری توجہ دو باتوں پر ہے ایک تو یہ کہ حفاظتی تدابیر کی پابندی کی جائے اور کرائی جائے اور دوسری بات یہ ہے کہ کورونا سے متاثرین کی نگہداشت مثالی انداز میں جاری رکھی جائے۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: