Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈاکوؤں نے ’لوٹنے‘ کے بعد گلے لگا لیا

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکو ڈیلیوری بوائے کو لوٹنے کے بعد چیزیں واپس کر دیتے ہیں (فوٹو سکرین گریپ)
کیا آپ نے کبھی سنا ہے کہ ڈاکوؤں نے کسی کو چھوڑ دیا ہو یا لوٹا ہوا مال واپس کر دیا ہو؟ ایسا ناممکن ہے مگر سوشل میڈیا کی وجہ سے اکثر ایسی چیزیں بھی دیکھنے کو مل جاتی ہیں جن پر یقین کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے، ایسا ہی کچھ آج ٹوئٹر پر وائرل ہوتا نظر آیا۔
ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو ڈاکوؤں نے کھانا پہنچانے والی ایک نجی کمپنی کے ڈیلیوری بوائے کو لوٹنے کی کوشش کی مگر پھر خود ہی اسے چھوڑ بھی دیا۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے ٹوئٹر صارف ثاقب صغیر نے ویڈیو شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’سٹریٹ کرمنل نے لوٹنے کے بجائے فوڈ ڈیلیوری بوائے کو گلے لگا لیا۔ ڈیلیوری بوائے پیسے لے کر جیسے ہی موٹر سائیکل پر بیٹھا، ملزمان پہنچ گئے رائیڈر نے ملزمان کو کچھ کہا اور رونے لگا ملزم نے رائیڈر سے لی ہوئی چیزیں واپس کیں اور گلے لگا لیا۔‘
ایک صارف شفیق احمد نے انہیں ’درد دل رکھنے والے ڈاکو‘ کہا.

سعید آر نے لکھا کہ ’ڈیلیوری بوائے اور ڈاکو تینوں آپس میں کلاس فیلو نکل آئے ہوں گے۔‘

 
ایک اور ٹوئٹر صارف ابرار احمد نے لکھا کہ ’ثابت ہوا چوروں کا بھی دل ہوتا ہے وہ بھی انسان ہیں۔‘

بہت سے صارفین نے یہ مشورہ بھی دیا کہ یہ ویڈیو حکمرانوں کو دکھانی چاہیے تاکہ وہ عوام پر ترس کھائیں۔ ٹوئٹر صارف سلیمان شکیل نے لکھا کہ ’حکمرانوں اور بیوروکریسی اور تاجروں کو باقاعدگی سے یہ ویڈیو دیکھائی جائے شاہد کوئی شرم آجائے۔‘

بحث میں حصہ لینے والے کئی صارفین کا کہنا تھا کہ یہ پروفیشنل ڈاکو نہیں لگتے ورنہ ایسے انسانیت کا مظاہرہ نہ کرتے۔
ٹوئٹر صارف سبیحا سید کا کہنا تھا کہ ’اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کوئی شوق سے ڈاکو نہیں بنتا بلکہ غربت بناتی ہے، کراچی میں ایسے حالات پیدا کیے گئے کہ کہ لوگ ڈاکو بنے۔‘

جہاں صارفین نے ڈاکوؤں کی نرم دلی پر مزاحیہ اور طنزیہ تبصرے کیے وہیں کئی صارفین ان کے لیے دعا کرتے بھی نظر آئے۔
سہیل نور مغل نے لکھا کہ ’ایسے لگتا ہے جیسے انتہائی مجبوری میں اس کام پہ نکلے ہیں، ورنہ ان دونوں کا دل تو ڈاکوؤں والا نہیں ہے، ڈاکو تو انتہائی پتھر دل ہوتے ہیں، اللہ تینوں کی مشکلات آسان کرے۔‘

تاہم کئی سوشل میڈیا صارفین نے اس عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فوڈ ڈیلیوری بوائے کو لوٹنے کےلیے آنے والے ڈاکو بھی نوجوان ہی ہیں اور چوری ایک غلط عمل ہیں۔
 

شیئر: