Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عبدالرحمٰن مکی سمیت جماعت الدعوۃ کے چار رہنماؤں کو سزا

کالعدم تنظیم کے ان رہنماوں پر دہشت گردوں کی فنڈ فراہم کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ فائل فوٹو: روئٹرز
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی ایک انسداد دہشت گردی عدالت نے کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے مزید چار اہم راہنماوں کو سزائیں سنا دی ہیں۔ اس سے پہلے تنظیم کے سربراہ حافظ سعید دہشت گردوں کی مالی معاونت کے مقدمے میں 11 برس کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
جن نئے چار رہنماؤں کو سزائیں سنائی گئیں ان میں تنظیم کے ترجمان یحییٰ مجاہد بھی شامل ہیں جن کو پانچ سال قید کی سزا اور 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
اسی طرح حافظ سعید کے دست راست سمجھے جانے والے حافظ عبدالرحمٰن مکی کو عدالت نے ایک سال قید اور 20 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
کالعدم جماعت الدعوۃ کے شعبہ تعلیم کے سابقہ سربراہ پروفیسر ظفر اقبال کو پانچ سال قید جبکہ 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
جبکہ تنظیم کے ایک اور رہنما حافظ عبدالسلام بن محمد کو ایک سال قید اور 20 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
کالعدم تنظیم کے ان رہنماؤں پر دہشت گردوں کو فنڈ فراہم کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
جمعرات کو لاہور میں قائم انسداد دہشت گردی عدالت نمبر تین کے جج اعجاز احمد بٹر نے ان مقدمات کا فیصلہ سنایا۔
پنجاب کے انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ یعنی سی ٹی ڈی کی طرف سے جماعت الدعوۃ کے ان رہنماؤں پر سال 2019 میں غیر قانونی فنڈنگ مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

حافظ محمد سعید کو 11 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

خیال رہے کہ اسی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چند ماہ قبل جماعت الدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ محمد سعید اور پروفیسر ظفر اقبال کو مجموعی طور پر 11 11 سال قید اور جرمانے کی سزائیں سنائی تھیں۔
بین الاقوامی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والے فہرست میں ایک کام دہشت گردی میں ملوث تنظیموں اور اشخاص کے خلاف کارروائی کرنا بھی شامل تھا۔ حکومت پاکستان نے جولائی 2019 میں ایسے 23 مقدمات درج کیے جن میں 13 افراد کو نامزد کیا تھا۔
ان میں سے 11 مقدمات میں کالعدم تنظیم جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید کو نامزد کیا گیا۔ ان پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے پانچ ایسے ادارے بنا رکھے ہیں جو براہ راست دہشت گردی کے لیے رقم فراہم کرتے رہے ہیں۔ حافظ سعید پر جن اداروں کو بنانے کا الزام ہے ان میں دعوت و الاشاد ٹرسٹ، معاذ بن جبل ٹرسٹ، الانفال ٹرسٹ، الحمد ٹرسٹ اور المدینہ فاؤنڈیشن ٹرسٹ شامل ہیں۔

شیئر: