Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روہت شرما میرے رول ماڈل ہیں: حیدر علی

حیدر روہت شرما کے جارحانہ انداز اور تواتر کے ساتھ رنز بنانے کے معترف ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
نوجوان پاکستانی کرکٹر حیدر علی نے کہا ہے کہ روہت شرما ان کے رول ماڈل ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 19 سالہ حیدر علی نے جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’روہت شرما میرے رول ماڈل ہیں اور اس کی وجہ ان کا وہ آغاز ہے جو وہ انڈین ٹیم کو فراہم کرتے ہیں۔ یہ واقعی حیران کن ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ٹیسٹ، ون ڈے انٹرنیشنل یا ٹی20 ہو، وہ ایک سوچ کے ساتھ آتے ہیں اور بولرز پر حملہ آور ہوتے ہیں۔ میں ایسا ہی آغاز پاکستانی ٹیم کو فراہم کرنا چاہتا ہوں۔‘
حیدر علی کو دورہ انگلینڈ کے لیے منتخب کیے گئے 29 رکنی ابتدائی سکواڈ میں شامل کیا ہے۔ رواں سال جنوبی افریقہ میں منعقدہ آئی سی سی جونیئر ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف سیمی فائنل میں انہوں نے نصف سینچری بھی سکور کی تھی تاہم یہ میچ پاکستان ہار گیا تھا۔
خیال رہے کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدہ سیاسی و سفارتی تعلقات کے باعث دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے روابط بھی منقطع ہیں۔
تاہم دونوں ٹیموں کا سامنا آئی سی سی مقابلوں میں اکثر ہوتا رہتا ہے۔
دوسری جانب انڈیا کے بیٹسمین روہت شرما کرکٹ کی دنیا کا اہم نام ہیں، وہ ون ڈے کرکٹ میں تین ڈبل سسنچریاں سکور کر چکے ہیں جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل مقابلوں میں سب سے زیادہ سکور 264 رنز بنانے کا اعزاز بھی ان کے پاس ہے۔
ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی روہت شرما کے پاس ہے۔ وہ اب تک 127 چھکے مار چکے ہیں۔
بہرحال، حیدر علی کی جانب سے روہت شرما کو رول ماڈل قرار دینا غیریقینی بات نہیں ہے۔ اس سے قبل انڈین کپتان وراٹ کوہلی بھی پاکستان فاسٹ بولر محمد عامر کی تعریف کر چکے ہیں جبکہ بابراعظم کو انڈیا میں خاصا پسند کیا جاتا ہے۔

روہت شرما ون ڈے کرکٹ میں تین ڈبل سنچریاں بنانے والے دنیا کے واحد بیٹسمین ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

حیدر علی کا کہنا تھا کہ وہ روہت شرما کے جارحانہ انداز اور تواتر کے ساتھ رنز بنانے کے معترف ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ ’50 مکمل کرنے کے وہ بعد 100 کا سوچتے ہیں، اور 100 کے بعد وہ 130 کا سوچتے ہیں۔‘
پاکستانی ٹیم دورہ انگلینڈ کے لیے آئندہ ہفتے روانہ ہوگی اور پانچ اگست کو مانچسٹر میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے سے قبل 14 روز قرنطینہ میں گزارے گی۔

 

شیئر: