Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر تارکین کی بے دخلی کب ہوگی؟

خلاف ورزی کی صورت میں پہلے قید کی سزا دی جائے گی۔(فوٹو سبق)
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشلھوب نے کہا ہے کہ حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے مقرر سزاؤں کے ضمن میں یہ بات واضح ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے تارک وطن کی بے دخلی اصلی سزا پر عمل درآمد کے بعد شروع ہوگی۔
اخبار 24 کے مطابق الشلھوب سے دریافت کیا گیا تھا کہ اگر سعودی عرب میں مقیم کسی غیرملکی نے نئے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر حفاظتی اقدامات میں سے کسی ایک کی خلاف ورزی کی تو ایسی صورت میں اسے کب بے دخل کیا جائے گا۔
 ترجمان نے واضح کیا کہ مثلا اگر کسی خلاف ورزی کی سزا میں قید شامل ہو تو ایسی صورت میں پہلے تارک وطن کو قید کی سزا دی جائے گی۔

قید کی سزا مکمل ہونے کے بعد اسے بےدخل کیا جائے گا۔(فوٹو ایس پی اے)

وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ قید کی سزا کی شروعات ابھی نہیں ہوگی بلکہ کورونا وبا ختم ہونے کے بعد جیل بھیجا جائے گا اور جب وہ قید کی سزا مکمل کرلے گا تب اسے مملکت سے بےدخل کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ  وزارت داخلہ نے بیان میں کہا تھا کہ اگر مقرر کردہ ضابطوں میں سے کسی ایک کی خلاف ورزی کرنے والا مملکت میں مقیم غیرملکی ہوگا تو اسے سعودی عرب سے بے دخل کردیا جائے گا اور سزا کاٹنے کے بعد اسے بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔
بیان کے مطابق مقرر کردہ ضابطوں کی خلاف ورزی پر قید کی سزا کورونا کی وبا کے ہنگامی حالات ختم ہونے کے بعد دی جائے گی۔

شیئر: