Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میں سونے جا رہی ہوں، مجھے اس وقت جگائیے گا جب۔۔۔‘

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سشانت سنگھ کے لیے انصاف کے لیے مہم چلائی جا رہی ہے (فوٹو:انسٹاگرام)
بالی وڈ کی نامور پلے بیک سنگر نیہا ککڑ نے بھی خود کو ذہنی طور پر پُرسکون رکھنے کے لیے سوشل میڈیا سے بریک لے لی ہے۔
انڈیا میں نوجوان اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد بالی وڈ میں ’اقربا پروری‘ کی بحث چھڑی ہوئی ہے۔ 
سشانت سنگھ کی خودکشی کی خبر سامنے آنے کے بعد سے ان کے مداح غمزدہ ہیں اور وہ ہدایتکار کرن جوہر سمیت بالی وڈ کی کئی نامور شخصیات کو ان کے کریئر میں رکاوٹ ڈال کر انہیں ڈپریشن میں مبتلا کرنے کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔ 
ٹوئٹر ہو یا انسٹا گرام، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سشانت سنگھ کے لیے انصاف کے لیے مہم چلائی جا رہی ہے اور اس حوالے سے ہر دن نیا ٹرینڈ سامنے آرہا ہے۔
نیہا ککڑ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’میں دوبارہ سونے جا رہی ہوں، برائے مہربانی مجھے اس وقت جگائیے گا جب یہ دنیا بہتر جگہ بن جائے۔ ایسی دنیا جہاں آزادی ہو، محبت ہو، عزت، احترام، تفریح اور اچھے لوگ ہوں۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’ایسی دنیا جہاں نفرت نہ ہو، اقربا پروری نہ ہو، حسد نہ ہو، خودکشی نہ ہو اور برے لوگ نہ ہوں۔‘
نیہا نے وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ ’بے فکر رہیں میں مر نہیں رہی۔ صرف کچھ دن کے لیے دور جا رہی ہوں۔‘
انہوں نے اس پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’اگر اس سے کسی کو برا محسوس ہو تو میں معذرت خواہ ہوں۔ لیکن میں کافی عرصے سے ایسا ہی محسوس کر رہی ہوں لیکن یہ کہہ نہیں سکی۔ میں خوش رہنے کی کوشش کر رہی ہوں مگر ایسا نہیں ہو پا رہا۔‘

انڈیا میں نوجوان اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد بالی وڈ میں 'اقربا پروری' کی بحث چھڑی ہوئی ہے (فوٹو:ٹوئٹر)

نیہا نے مزید لکھا کہ 'میں بھی انسان ہوں اور بہت جذباتی بھی ہوں۔ اس لیے یہ سب مجھے افسردہ کرتا ہے۔ بے فکر رہیے میں ٹھیک ہوں۔'
نیہا ککڑ وہ پہلی شخصیت نہیں جنہوں نے اس ساری صورتحال کی وجہ سے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کی ہے، ان سے پہلے بالی وڈ کی 'دبنگ گرل' سوناکشی سنہا بھی اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کر چکی ہیں۔

شیئر: