Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کے نئے ایئر پورٹ پر مسافروں کے لیے مفت ٹرین سروس

جدہ کے نئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ٹرمینل ون سے سفر کرنے اور بیرونی پروازوں سے آنے والوں کو امیگریشن زون سے بین الاقوامی سفر زون آنے جانے کے لیے ٹرین کی مفت سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ کسی سعودی ہوائی اڈے پر اپنی نوعیت کی یہ پہلی سہولت ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ٹرین سے چار ہزار مسافر ایک گھنٹے میں سفر کر سکتے ہیں۔ سفر کا فاصلہ ایک ہزار میٹر کا ہے۔ ٹرین کے دو سٹیشن اور دو لائنیں ہیں۔  ٹرین 10 ڈبوں پر مشتمل ہے۔ ہر ڈبے میں  65 مسافر سوار ہو سکتے ہیں۔ ٹرین ایک سٹیشن سے دوسرے سٹیشن تک کا فاصلہ  85 سیکنڈز میں طے کر لیتی ہے جبکہ مسافر کے انتظار کا انتہائی دورانیہ  170 سیکنڈز ہے۔
کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر عصام بن فؤاد نور نے کہا کہ ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے مفت ٹرین کی سہولت نئے ایئرپورٹ کی سہولیات میں اہم اضافہ ہے۔ اس طرح کی ٹرینیں سروس نہایت ترقی یافتہ ممالک کے گنے چنے ہوائی اڈوں پر ہی میسر ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ خود کار ٹرین چلانے کا مقصد بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں کو امیگریشن کی کارروائی کے بعد زون اے سے سفری ہال زون ای منتقل کرنا ہے جبکہ باہر سے آنے والے مسافروں کو ای زون سے اے زون لایا جارہا ہے۔
یہ ٹرین ہوائی اڈے کے تمام ہالز میں موجود ایئر کنڈیشن، ریڈیو اور انفارمیشن سسٹم سے آراستہ ہے۔ ٹرین کے تمام ڈبے فائر پروف سسٹم اور ایمرجنسی گیٹس سے آراستہ ہیں-
انہوں نے مزید کہا کہ تمام سٹیشنوں اور ٹرینوں کے ڈبوں میں مسافروں کی سلامتی کا پورا خیال رکھا گیا ہے-

ٹرین کے ڈبوں میں مسافروں کی سلامتی کا پورا خیال رکھا گیا ہے-(فوٹو ایس پی اے)

یاد رہے کہ نئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پہلے مرحلے میں سالانہ 30 ملین تک افراد سفر کرسکتے ہیں جبکہ دوسرا مرحلہ مکمل ہونے پر 80 ملین مسافروں کی گنجائش ہوگی۔
مسافر ہالز 8 لاکھ 10 ہزار مربع میٹر کے رقبے میں بنائے گئے ہیں۔ یہ داخلی اور بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں کے لیے ہیں۔
مسافر ہالز میں  220 کاؤنٹرز ہیں۔ خود کار سسٹم سے کام کرنے والی 80 مشینیں ہیں۔ طیاروں کے لیے  46 گیٹس ہیں۔ ان میں سے 25 بین الاقوامی پروازوں، 13 داخلی پروازوں اور 8 مشترکہ استعمال کے لیے ہیں۔
طیاروں کو ایئرپورٹ گیٹ سے جوڑنے والی ‘ٹیوب’ 94 متحرک پل ہیں- ہر گیٹ کے لیے 2 پل ہیں جبکہ دیو ہیکل طیاروں کے لیے  3 متحرک پل کا انتظام کیاگیا ہے۔

شیئر: