Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاطینی امریکہ: کورونا سے ایک لاکھ اموات

برازیل میں کورونا سے 52 ہزار 640 افراد ہلاک ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 92 لاکھ 63 ہزار 466 ہو گئی ہے جبکہ 4 لاکھ 77 ہزار 584 اموات ہوئی ہیں۔
لاطینی امریکہ اور کیریبیئن میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہو گئی ہے، ان میں سے آدھی سے زیادہ ہلاکتیں صرف برازیل میں ہوئی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق وبا تیزی سے پورے خطے میں پھیل رہی ہے اور اب تک 21 لاکھ افراد اس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ خطے میں کورونا سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں برازیل، میکسیکو، پیرو اور چِلی شامل ہیں۔
 
برازیل میں امریکہ کے بعد سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں جن کی تعداد 52 ہزار 640 ہے جبکہ ملک میں مریضوں کی تعداد 11 لاکھ 45 ہزار 906 ہو چکی ہے۔
ایک وفاقی جج نے برازیلین صدر جائر بولسونارو جنہوں نے کورونا وائرس کو'عام فُلو' کہا تھا کو عوام کے سامنے ماسک پہننے کا حکم دیا ہے۔
میکسیکو میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 288 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 91 ہزار 410 ہو گئی ہے جبکہ 23 ہزار 317 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پیرو میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ 8 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ملک میں لاک ڈاؤن کو 100 روز ہو چکے ہیں اور امریکہ کی جانب سے 250 وینٹی لیٹرز عطیہ کیے گئے ہیں۔
کولمبیا میں بھی کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور لاک ڈاؤن کی مدت 15 جولائی تک بڑھا دی گئی ہے۔
 

امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک کو آگے وبا کے بڑے چیلنجز درپیش ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

کولمبیا میں 2 ہزار 404 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ملک میں 73 ہزار 500 مریض موجود ہیں۔
اے ایف پی نے جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 792 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ صف اول کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ملک کو آگے 'تاریخی' چیلنجز درپیش ہیں۔
امریکہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے جہاں ایک لاکھ 21 ہزار 176 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 23 لاکھ 40 ہزار ہے۔

برازیل کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا دنیا کا دوسرا ملک ہے (فوٹو: اے ایف پی)

امریکہ میں ریاستوں نے زیادہ تر لاک ڈاؤن کے اقدامات اٹھا لیے ہیں اور ملک کی سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست نیو یارک نے پیر کو اہم اقدام کرتے ہوئے دیگر کاروبار بھی کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
ملک کی 20 کے قریب ریاستوں میں وبا کی دوسری لہر دیکھنے میں آئی ہے۔
صدر ٹرمپ کے مشیر اینتھونی فاؤچی کی قیادت میں وبا کے ماہرین نے کانگرس کو خبردار کیا ہے کہ ملک کو وائرس سے 'تاریخی' چیلنجز کا سامنا ہے اور ہمیں ایک لمبی جنگ کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

شیئر: