Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوڈانی خواتین کو اب خرطوم ایئرپورٹ پر تولا جائے گا

’خواتین جتنا چاہے سونا چاہیں لے جائیں مگر واپسی پر ان کا وزن چیک کیا جائے گا‘ ( فوٹو: المرصد)
سوڈانی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک کے دارالحکومت خرطوم کے ایئرپورٹ سے بیرون ملک جانے والا خواتین کو تولا جائے گا۔
سوڈانی نیوز ایجنسی (سونا) کے مطابق سوڈانی خود مختار کونسل کے نائب سربراہ محمد حمدان حمیدتی نے کہا ہے کہ ’بیرون ملک سونا لے کر جانے کا سلسلہ روکنے کے لیے فوج ایئر پورٹ پر موجود ہوگی، سونا سمگل کرنے کے لیے خواتین کا استعمال بند کیا جائے گا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’بیرون ملک سونا لے کر جانے کے لیے خواتین کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ خواتین کو بھاری زیورات پہنائے جاتے ہیں اور پھر انہیں چند دن دبئی کی سیر کرائی جاتی ہے، اس کے بعد خواتین زیوارات سے خالی لوٹتی ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’ملک سے سونا سمگل کرنے کا یہ طریقہ فرسودہ ہو چکا ہے، معاشرتی روایات کا احترام کرتے ہوئے ہم خواتین کو کچھ نہیں کہہ سکتے مگر اب ایئرپورٹ حکام بیرون ملک جانی والی خواتین کا وزن چیک کریں گے‘۔
حمیدتی نے کہا ہے کہ ’خواتین جتنا سونا چاہیں لے جائیں مگر واپسی میں پھر ان کا وزن چیک کیا جائے گا، اگر وہ سونے کے بغیر لوٹیں تو انہیں 10 سال قید ہوگی‘۔
’ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانے والوں سے سختی سے نمٹنے کا ارادہ کر رکھا ہے، سونا سمگل کرنے والے، غیر ملکی کرنسی میں ہیر پھیر کرنے والے اور بلیک مارکیٹ کے تاجروں کو سخت سزائیں دی جائیں گی‘۔

شیئر: