Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روزانہ 25 لاکھ ماسکس کی تیاری

ماسک کی طلب میں اضافہ سعودی عرب ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں ہوا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت صنعت و معدنیات کے ترجمان جراح الجراح نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں قائم نو فیکٹریاں مارکیٹ کو روزانہ 25 لاکھ حفاظتی ماسک فراہم کر رہی ہیں-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق الجراح کا کہنا تھا کہ وزارت صنعت و معدنیات اپنے سرکاری و نجی اداروں کے شرکا کے ساتھ یکجہتی پیدا کرکے ماسک سے متعلق مارکیٹ کی یومیہ ضروریات بھی پوری کر رہی ہے اور مستقبل کی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے خاص تعداد میں ماسک کا ذخیرہ بھی کیا جا رہا ہے-
وزارت صنعت نے توجہ دلائی کہ سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے تعاون سے سرمایہ کاروں کو اندرون ملک ماسک تیار کرنے کے لیے فیکٹریوں کے لائسنس دلوائے جا رہے ہیں-

صنعتی شعبے نے ثابت کردیا کہ مسائل سے نمٹنے کے اہل ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

الجراح نے بتایا کہ کورونا بحران کے حوالے سے سعودی عرب کے صنعتی شعبے نے ثابت کر دیا کہ وہ وبا سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کی اہلیت رکھتا ہے-
وزارت صنعت کے ترجمان نے اپنے اس دعوے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے زمانے میں متعدد فیکٹریوں نے اپنی پیداوار میں تبدیلیاں کیں اور ملک کو فوری ضرورت کی اشیا تیار کرنے میں حصہ لیا-
سعودی ایف ڈی اے کے ترجمان تیسیر المفرج نے بتایا کہ کورونا کی وبا شروع ہوتے ہی سپیشل سرکاری کمیٹی قائم کردی گئی تھی جسے وائرس سے بچاؤ میں معاون آلات کی فراہمی کا ٹاسک دیا گیا تھا-
یہ کمیٹی نجی اداروں کے ساتھ یکجہتی پیدا کرکے ایک طرف تو اندرون ملک کورونا سے بچاؤ کے آلات تیار کراتی رہی اور دوسری جانب بچاؤ کے آلات کی درآمد کا انتظام بھی جاری رکھا- مملکت میں کھانے پینے کی اشیا اور حفاظتی ماسک بھی وافر مقدار میں درآمد کرائے گئے-
المفرج نے توجہ دلائی کہ گزشتہ ایام میں ماسک کی طلب مملکت ہی نہیں دنیا بھر میں بڑھ گئی تھی- گزشتہ 14 روز کے دوران 10 ملین ماسک یومیہ کی بنیاد پر درآمد کیے گئے-
 

شیئر: