Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عازمین حج کی رقوم، واپسی دو جولائی سے‘

وزارت مذہبی امور نے حج 2020  کے درخواست گزاروں کو واجبات کی ادائیگی کا فیصلہ کیا ہے۔ 
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق سعودی حکومت کے حالیہ فیصلے کی روشنی میں تمام کامیاب عازمین حج کو رقوم  واپس کی جائیں گی۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کی جانب سے جمعے کو جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا ہے کہ حج واجبات کی واپسی کا سلسلہ 2 جولائی سے ملک بھر کے نامزد بینکوں سے شروع ہو گا۔ تمام درخواست گزاروں کو بذریعہ ایس ایم اس اطلاع کی فراہمی شروع کر دی گئی۔
مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق  واجبات کی نقد واپسی کے لیے درخواست گذار کا بینک آنا ضروری ہے۔ 
ترجمان نے بتایا کہ واجبات بذریعہ بینک چیک لینے کے لیے صرف گروپ لیڈر کو تمام افراد کی اصل دستاویز کے ہمراہ بینک آنا ہو گا۔
’متعلقہ بینک برانچ کی بندش کی صورت میں دوسری نامزد کردہ برانچ سے رقوم کی ادائیگی ممکن ہو گی۔ رقوم کی واپسی میں مشکل کی صورت میں وزارت کے اکاونٹس افسر ریفنڈ سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔‘
سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج سے متعلق اعلان کیا تھا  کہ رواں سال حج میں سعودی عرب میں موجود مختلف ملکوں کے عازمین کو نہایت محدود تعداد میں شریک کیا جائے گا۔
 
عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) نے محدود حج سے متعلق سعودی فیصلے کی حمایت کی  تھی اور کہا تھا کہ اس سال حج سے متعلق سعودی عرب کا فیصلہ خوش آئند ہے۔
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح بن بنتن نے ٹیلی فون پر پاکستان کے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کو حج سے متعلق فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا۔
پاکستان کی وزارت مذہبی امور بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سفیر، سفارتی عملہ اور پاکستان حج ڈائریکٹریٹ اس سال حج میں  پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
 

شیئر:

متعلقہ خبریں