Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں پارکس اور ’کورنیش‘ پر تفریحی مقامات کھل گئے

تفریحی مقامات کی ازسرنو تزئین اور آرائش کا کام بھی کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شہر جدہ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پابندیاں ختم کیے جانے کے بعد پارکس اور ساحل ’کورنیش‘ پر تفریحی مقامات کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق ملک کے تمام علاقوں میں کووڈ 19 وائرس کی وجہ سے احتیاطی اقدامات کے تحت سماجی فاصلے کے اصول پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے پارکس اور ساحلی تفریحی مقامات کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
کرفیو کے دوران بلدیہ اور دیگر اداروں کی جانب سے ساحلی پارکوں اور تفریحی مقامات کی ازسرنو تزئین اور آرائش کا کام کیا گیا۔ اس دوران پارکوں میں جراثیم کش ادویات کا سپرے کرنے کے علاوہ بیٹھنے کے مقامات کو بھی بہتر کیا گیا ہے۔

بلدیہ کی جانب سے صفائی اور سینیٹائزنگ کا کام  مکمل کر لیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

بلدیہ کے ایک ذمہ دار کا کہنا ہے کہ ’کرفیو کے دوران چونکہ تفریحی مقامات پر لوگ نہیں آرہے تھے اس لیے صفائی اور سینیٹائزنگ کا کام تیزی سے مکمل کر لیا گیا۔‘
واضح رہے جدہ میں عید الفطر کے بعد ساحلی تفریح گاہ ’کورنیش‘ کو مکمل طور پرسیل کر دیا گیا تھا کیونکہ کرفیو کھلتے ہی بڑی تعداد میں لوگ کورنیش پر پہنچ گئے جس کی وجہ سے وہاں سماجی فاصلے کے اصول پرعمل ممکن ہی نہیں رہا تھا۔

عید الفطر کے بعد ’کورنیش‘ کو مکمل طور پرسیل کر دیا گیا تھا ( فوٹو: ایس پی اے)

 وزارت صحت کی جانب سے متعلقہ ادارے کو تجویز دی گئی تھی کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے سماجی فاصلے کے اصول پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ لوگوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔
وزارت صحت کی جانب سے سفارشات پرعمل کرتے ہوئے کورونا حفاظتی اقدام کے تحت کورنیش پر موجود تفریحی پارکوں کو 24 گھنٹے کی بنیاد پر سیل کر دیا گیا تھا۔

شیئر: