Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیف جسٹس کی ہیوی بائیک کی ’دھوم‘

چیف جسٹس کا یہ منفرد انداز دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین حیران رہ گئے (فوٹو:گیٹی امیجز)
انڈیا کے چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے اپنی ایک وائرل تصویر کی وجہ سے اس وقت سوشل میڈیا کے ٹاپ ٹرینڈز کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔
اس تصویر میں وہ موٹر سائیکل بنانے والی معروف کمپنی ہارلے ڈیوڈ سن کی ایک جدید موٹر سائیکل پر سوار نظر آ رہے ہیں۔
64 سالہ چیف جسٹس عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے کئی انٹرویوز میں موٹر سائیکلوں کے حوالے سے اپنے شوق کا اظہار کرچکے ہیں۔

چیف جسٹس عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے کئی انٹرویوز میں موٹرسائیکلوں کے حوالے سے اپنے شوق کا اظہار کرچکے ہیں (فوٹو:ٹوئٹر)

چیف جسٹس کا یہ منفرد انداز دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین حیران رہ گئے، کچھ نے پسندیدگی کا اظہار کیا تو کچھ نے اس میں تنقید کا پہلو نکال لیا۔  
صارفین انہیں مہنگی موٹر سائیکل چلانے اور سماجی دوری کے اصولوں کا خیال نہ رکھنے پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

پردمن ٹھاکر نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’چیف جسٹس آف انڈیا 50 لاکھ کی موٹر سائیکل جو ایک بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما کی ملکیت ہے، بغیر ماسک اور ہیلمٹ پہنے ایسے وقت میں چلا رہے ہیں جب وہ سپریم کورٹ میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے شہریوں کو انصاف تک رسائی کا حق نہیں دے رہے۔‘

ارشاد قاضی نامی صارف نے لکھا کہ ’جب ہزاروں مہاجر سپریم کورٹ اور حکومت کی نااہلی اور منصوبہ بندی کے فقدان کی وجہ سے اپنے گھروں تک پہنچنے کے لیے پیدل میلوں کا سفر کر رہے ہیں تو ہمارے چیف جسٹس دھوم 4 کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔‘

ایک اور صارف رانا سانگا نے لکھا کہ ’انصاف کی فراہمی بھی ڈیوڈسن کی سپربائیک کی طرح تیز ترین ہونی چاہیے۔‘

زیڈ جے ایس جے کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ 'چیف جسٹس دھوم فلم کے سیکوئل کا آڈیشن دے رہے ہیں جبکہ ملک میں کورونا کے کیسز نئی انتہا کو پہنچ رہے ہیں۔'

راج پریا سنگھ نامی صارف نے طنز کیا کہ ’ہمارے چیف جسٹس کتنے 'کول' ہیں اور 42 لاکھ کی بائیک جسے وہ چلانے کی کوشش کر رہے ہیں قابل تعریف ہے۔ کسی اصول اور ضابطے کا خیال نہیں، نہ ہیلمٹ نہ ہی سماجی دوری، نہ ماسک۔ کوئی پرواہ نہیں۔ وہ صرف بائیک کی سواری کا لطف لے رہے ہیں۔‘
کچھ صارفین کو چیف جسٹس کا یہ منفرد انداز خوب بھایا اور انہوں نے اس کی حمایت میں تبصرے کیے۔

ماینگ کاشک نامی صارف نے لکھا کہ ’قابل احترام چیف جسٹس بھی ایک عام آدمی ہیں اور انہیں کسی سے بھی ملنے اور لطف اندوز ہونے کا پورا حق ہے۔ بے فکر رہیے جمہوریت مکمل محفوظ ہے۔‘

پلکت بلوجا نامی صارف نے لکھا کہ ’کون بولتا ہے کہ وکیل اور جج بورنگ ہوتے ہیں جو یہ کہتے ہیں انہیں یہ تصویر دکھائیے۔‘

ایک اور صارف آشو نے لکھا کہ ’ہمارے معزز چیف جسٹس کے سپر بائیک کے شوقین ہونے کا سب کو پتا ہے۔ یہ ان کے جوان رہنے کا راز ہے۔‘
انڈیا کے ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’یہ بائیک ہارلے ڈیوڈسن کمپنی کا ایک ڈیلر چیف جسٹس کے آبائی گھر ناگپور ٹرائل کے لیے لایا تھا اور جسٹس بوبڈے صرف اس پر سوار ہوئے تھے۔ انہوں نے ماسک پہن رکھا تھا جسے انہوں نے بائیک پر بیٹھنے سے پہلے ہی اتارا تھا۔‘ 
 

شیئر: