Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 11 کا شیڈول جاری، کون سی ٹیم کس شہر میں ایکشن میں ہو گی؟

افتتاحی میچ 26 مارچ کو لاہور میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور نئی فرنچائز حیدرآباد کنگز مین مدمقابل ہوں گے (فوٹو: گیٹی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ٹورنامنٹ 26 مارچ سے تین مئی تک جاری رہے گا اور اس دوران مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آٹھ ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لیں گی جبکہ نئی شامل ہونے والی فرنچائزز حیدرآباد کنگز مین اور راولپنڈی پنڈیز ہیں۔
دیگر ٹیموں میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شامل ہیں۔
39 روزہ ٹورنامنٹ کے میچز فیصل آباد، کراچی، لاہور، ملتان، پشاور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ فیصل آباد اور پشاور پہلی مرتبہ پی ایس ایل میچز کی میزبانی کریں گے۔
شیڈول کے مطابق ہر ٹیم گروپ مرحلے میں 10 میچز کھیلے گی جبکہ سرفہرست چار ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ اس مرحلے میں کوالیفائر ون، ایلیمینیٹر، کوالیفائر ٹو اور فائنل شامل ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کا فائنل تین مئی کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ خراب موسم کی صورت میں چار مئی کو ریزرو دن رکھا گیا ہے۔
افتتاحی میچ 26 مارچ کو لاہور میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور نئی فرنچائز حیدرآباد کنگز مین کے درمیان کھیلا جائے گا۔ قذافی سٹیڈیم مجموعی طور پر 15 میچز کی میزبانی کرے گا، جو کسی بھی وینیو پر سب سے زیادہ ہیں۔
پشاور کے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم میں 28 مارچ کو پہلا پی ایس ایل میچ کھیلا جائے گا جس میں پشاور زلمی اور راولپنڈی پنڈیز آمنے سامنے ہوں گے۔ اس سٹیڈیم کا سابق نام ارباب نیاز سٹیڈیم تھا اور یہاں آخری بین الاقوامی میچ 2006 میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلا گیا تھا۔

اسی طرح فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں بھی پہلی بار پی ایس ایل میچز منعقد ہوں گے جہاں سات مقابلے شیڈول ہیں۔
ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں چار میچز کھیلے جائیں گے جن میں میزبان ملتان سلطانز ایکشن میں ہوں گے، جبکہ کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں چھ میچز رکھے گئے ہیں۔
دوسری جانب راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 11 میچز کھیلے جائیں گے جن میں ایک کوالیفائر بھی شامل ہے۔ اس میدان میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور راولپنڈی پنڈیز اپنے ہوم میچز کھیلیں گے اور دونوں ٹیمیں گروپ مرحلے میں کم از کم دو مرتبہ آمنے سامنے آئیں گی۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 11 کے لیے میڈیا ایکریڈیٹیشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے اور صحافی 13 مارچ شام 7 بجے تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

شیئر: