Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں 15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نظام نافذ

تمام صارفین ویلیو ایڈیڈ ٹیکس میں اضافے میں تعاون کریں۔ (فوٹو: سعودی ایکسپیٹریٹ)
سعودی عرب میں شاہی فرمان کے مطابق ٹیکس نظام میں ترمیم کرنے کے بعد  ملک بھر میں 15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس نافذ کر دیا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے واس کے مطابق محکمہ زکوۃ و آمدنی نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج بروز بدھ  یکم جولائی سے ملک بھر میں 15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نظام نافذ ہوچکا ہے۔

خریدار ہر دکاندار سے بل حاصل کریں اور واٹ کی شرح ضرور دیکھیں(فوٹو گلف نیوز)

اس سے قبل جاری ہونے والے شاہی فرمان میں کہا گیا تھا کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی شرح  پانچ  فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کردی جائے گی۔
 
محکمے نے تمام تجارتی اداروں اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں شامل ہونے والے مراکز کو ہدایت کی ہے کہ وہ صارفین سے یکم جولائی 2020 سے 15 فیصد ٹیکس وصول کریں نیز خود کو محکمے کی ویب سائٹ پر رجسٹرڈ کروائیں۔
محکمہ زکوۃ و آمدنی نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ وہ  ویلیو ایڈڈ ٹیکس  واٹ میں اضافے میں تعاون کریں۔
اگر کسی ادارے کی طرف سے اس سلسلے میں کوئی خلاف ورزی دیکھنے میں آئے تو پہلی فرصت میں اس سے مطلع کردیا جائے۔
محکمے نے شہری وغیر ملکی صارفین کو ہدایت کی ہے کہ دکانوں سے خریدی جانے والی اشیاء کا بل (فاتورہ) ضرور وصول کیا کریں اور اس میں ادارے کا رجسٹریشن نمبر نیز ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی شرح ضرور دیکھا کریں۔

شیئر: