Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹریفک جرمانے 20 ہزار ریال تک پہنچنے پر کیس عدالت کے حوالے

انتباہ نظر انداز کرنے والے کو عدالت کے حوالے کیا جائے گا۔(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں  محکمہ ٹریفک نے  جرمانے 20 ہزار ریال تک پہنچنے پر انتباہ نظر انداز کرنے والوں کو عدالت کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ ’اگر کسی سعودی شہری یا مقیم غیرملکی پر ٹریفک جرمانوں کی مجموعی رقم  20 ہزار ریال تک پہنچ گئی اور اس نے ادائیگی کے نوٹس نظر انداز کر دیے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا‘۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ ٹریفک نے بیان میں کہا کہ ’20 ہزار ریال تک جرمانے والے  ڈرائیور کو نہ صرف یہ کہ عدالت میں حاضر کیا جائے گا بلکہ اس کی ٹریفک خدمات بھی معطل کردی جائیں گی‘۔
محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ قانون ٹریفک کی دفعہ 75 کی شق 3 میں یہ دونوں باتیں درج ہیں۔ قانون کی شق تین میں تحریر ہے کہ اگر کسی ڈرائیور پر ٹریفک جرمانے 20 ہزار ریال تک جمع ہوجائیں یا 20 ہزار ریال کی حد عبور کر جائیں تو ایسی صورت میں اسے کسی بھی معتبر ذریعے سے متنبہ کیا جائے۔
قانون میں یہ بھی تحریر ہے کہ اگر کسی ڈرائیور نے جرمانوں کی ادائیگی کی اطلاع ملنے پر چھ ماہ گزار دیے تو ایسی صورت میں اسے 30 روزہ تنبیہ جاری کی جائے گی۔

جرمانے ادا نہ کرنے تک اسے ٹریفک خدمات سے محروم کردیا جائے گا۔ (فوٹو سوشل میڈیا)

اُس شخص کو کہا جائے گا کہ اگر اس نے 30 دن کے اندر جرمانے جمع نہ کروائے تو کیس ٹریفک عدالت میں بھیج دیا جائے گا اور جرمانے ادا نہ کرنے تک اسے ٹریفک خدمات سے محروم کردیا جائے گا۔

شیئر: