Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمرٹس کی پاکستان کے لیے پروازیں بحال

پاکستانی مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹ مخصوص لیبارٹری سے کرانا لازم ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی امارات ایئر لائنز نے عارضی معطلی کے بعد پاکستان سے اپنی پروازوں کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے۔
جمعرات کو پاکستان سے امارات ایئر لائن کی پرواز مسافروں کو لے کر دبئی گئی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ کی ویب سائٹ پر دیے گئے فلائٹ شیڈول کے مطابق ایمریٹس کی ایک فلائٹ دبئی کے لیے رات 2:40 پر روانہ ہوئی جبکہ صبح ساڑھے نو بجے والی فلائٹ منسوخ کی گئی۔
گلف نیوز کے مطابق آٹھ دن معطل رہنے کے بعد امارات ایئرلائنز کی پروازیں پاکستان سے دوبارہ شروع کی گئی ہیں تاہم تمام مسافروں کے لیے لازم ہے کہ وہ ایئرلائن کی تصدیق شدہ لیبارٹری سے کورونا کے ٹیسٹ کی منفی رپورٹ ساتھ لائیں۔
ایئر لائن کے مطابق مسافروں کے پاس کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ 96 گھنٹے سے زیادہ پرانی نہیں ہونی چاہیے۔
ایئر لائن نے اپنے مسافروں سے پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں موجود چغتائی لیب سے کورونا ٹیسٹ کرانے کے لیے کہا ہے۔
واضح رہے کہ امارات ایئر لائنز نے 24 جون کو پاکستان سے اپنی پروازیں اس وقت عارضی طور پر معطل کر دی تھیں جب ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے پاکستان سے ہانک کانگ جانے والے مسافروں میں سے بعض میں کورونا کی علامات پائی گئیں اور ان کا ہانگ کانگ میں ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
گلف نیوز کے مطابق امارات ایئر لائن کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ پاکستان کے تین شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے باقاعدہ پروازوں کا آغاز کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’متعلقہ حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد امارات ایئر لائنز نے پاکستان کے لیے اپنی مسافر پروازوں کا دوبارہ آغاز کیا ہے۔ وہ تمام مسافر جو مطلوبہ شرائط پر پورا اترتے ہیں وہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد تک جانے اور آنے کا سفر کر سکتے ہیں۔‘

یو اے ای کے مختلف ایئرپورٹس کی رونقیں تین ماہ بعد بحال ہو رہی ہیں (فوٹو: خیلج ٹائمز)

بیان کے مطابق ’جہاز کے عملے، مسافروں اور کمیونٹی کی صحت اور حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ امارات ایئر لائنز اپنے مسافروں کی گراؤنڈ پر اور فضا میں وائرس کے خطرے سے بچاؤ کی جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ اس حوالے سے مزید معلومات اور تفصیل ایئر لائن کی ویب سائٹ سے حاصل کی جا سکتی ہے۔‘
امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 29 جون کو جاری کیے گئے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان سے آںے والے کسی بھی مسافر کو اس وقت تک ایئرپورٹس پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی جب تک اس کے پاس تجویز کردہ لیبارٹری کی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ پیر کو متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اعلان کیا تھا کہ وہ پاکستان سے مسافروں کو لانے پر اس وقت تک پابندی عائد کرتی ہے جب تک وہاں کورونا کے ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری کی منظوری نہیں دی جاتی۔

شیئر:

متعلقہ خبریں