Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیاں، تفتیش جاری

دکانوں کے مالکان پرجرمانے بھی عائد کیے گئے۔(فوٹو سبق)
کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے بلدیہ اور دیگر اداروں کی جانب سے تفتیشی کارروائیاں جاری ہیں اور اس سلسلے میں ’بارق‘ کمشنری میں بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے متعدد مارکیٹوں اور دکانوں کے دورے کیے اور غیرمعیاری اشیائے خورونوش ضبط کرکے انہیں تلف کیا گیا۔
مقامی ویب نیوز ’سبق ‘ کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے جاری کیے جانے والے ضوابط پر عمل کرتے ہوئے ریجنل بلدیہ کی ٹیموں نے تجارتی مراکز، سپرسٹورز، ہوٹل اور باربر شاپس کا دورہ کیا جہاں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

کووڈ 19 سے بچاؤ کےلیے ایس او پیز مقرر کیے گئے ہیں۔ (فوٹو: سبق)

ریجنل بلدیہ کے نگران محمد مرزن نے بتایا کہ بلدیہ کے شعبہ امور صحت کی ٹیموں نے مختلف مارکیٹس سے غیر معیاری اشیائے خورونوش ضبط کرکے انہیں تلف کرایا۔ ایسی دکانوں میں جہاں غیر معیاری اشیائے خورونوش فروخت کی جارہی تھیں انہیں سیل بھی کیا گیا جب کہ دکانوں کے مالکان پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

کارروائی کے دوران غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والی دکانوں کو سیل کیا گیا (فوٹو: سبق)

بلدیہ کے نگران کا مزید کہنا تھا کہ وزارت صحت کی جانب سے کووڈ 19 سے بچاؤ کےلیے ایس او پیز مقرر کیے گئے ہیں جن میں باربر شاپس کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ان کے مطابق باربر شاپس میں مقررہ قواعد پر عمل نہ کرنے کے خطرناک نتائج سامنے آنے کا قوی امکان ہے۔
اس بارے میں بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں کو سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ باربر شاپس اور ہوٹلوں کی نگرانی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔

مختلف مارکیٹس سے غیر معیاری اشیائے خورونوش ضبط کیے گئے۔ (فوٹو: سبق)

ریجنل نگران کا کہنا تھا کہ بلدیہ نے مملکت کی سطح پر مشترکہ  ٹول فری نمبر 940 بھی جاری کیا جس پرخلاف ورزی کے بارے فوری اطلاع فراہم کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز جاری کیے گئے ہیں جن میں سماجی فاصلے کے اصول کو سب سے زیادہ اہمیت دی گئی ہے جبکہ گھروں سے باہر ہرشخص کا ماسک استعمال کرنا ضروری ہے، ماسک استعمال نہ کرنےوالوں پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتاہے جبکہ ایسی مارکیٹیں جہاں گاہکوں کے مابین سماجی فاصلے کے اصول پر عمل نہیں کرایا جارہا انہیں فوری طور پرسیل کردیاجاتا ہے۔

شیئر: