Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اونٹوں کے لیے دنیا کا سب سے بڑا ہسپتال کہاں؟

ہسپتال میں اونٹوں کے علاج اور تحقیق کا کام ہوگا- فوٹو: گلف نیوز
 سعودی عرب میں گورنر قصیم شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل بن سعود نے سلام گروپ کے ماتحت اونٹوں کے ہسپتال کا افتتاح کیا ہے۔ یہ دنیا بھر میں اونٹوں کا سب سے بڑا ہسپتال ہے-
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ہسپتال میں ایک طرف اونٹوں کے مختلف امراض کا علاج ہوگا اور دوسری طرف اونٹوں پر میڈیکل ریسرچ بھی کی جائے گی۔
سلام گروپ کے ایگزیکٹیو چیئرمین راشد العجمی کا کہنا ہے کہ گورنر قصیم نے نہ صرف ہسپتال کا دورہ کیا بلکہ اس کے ماتحت ریسرچ سینٹر کا معائنہ بھی کیا- اونٹوں کے بیمار ہونے پر ان کے علاج کے طور طریقوں کے بارے میں بریفنگ بھی لی۔
راشد العجمی نے بتایا کہ یہ ہسپتال 70 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر 10 کروڑ ریال سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے- یہاں بیک وقت چار ہزار سے زیادہ اونٹوں کا علاج کیا جاسکتا ہے-
العجمی کا کہنا ہے کہ یہاں اونٹوں کی افزائش کی ٹیکنالوجی بھی مہیا کی گئی ہے- ریسرچ سینٹر موجود ہے جہاں اونٹوں کے امراض پر تحقیق ہوگی-
سینٹرز میں اونٹوں کے امور کے ماہر تعینات کیے گئے ہیں۔ اس ہسپتال اور یہاں قائم سینٹر سے مملکت بھر میں اونٹوں کے مالکان فائدہ اٹھا سکیں گے-
وزارت ماحولیات و پانی و زراعت کا کہنا ہےکہ سعودی عرب میں عرب نژاد اونٹ بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ اس ہسپتال کی بدولت اونٹوں کی افزائش کرنے والے اداروں کو سہولت حاصل ہوگی۔
ہسپتال کے ذریعے مویشیوں کے علاج کی سہولت معیاری انداز میں ہوگی-

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: