Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت میں اقاموں کا کاروبار، 526 افراد گرفتار

پولیس اقاموں کا کاروبار کرنے والوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے (فوٹو: کویت ٹائمز)
کویت کے نائب وزیراعظم و وزیر داخلہ انس الصالح نے کہا ہے کہ اقامے کے کاروبار میں ملوث 526 افراد گرفتار کرلیے گئے- ان پر 282 کیسز ہیں-
عاجل ویب سائٹ کے مطابق انس الصالح نے بتایا کہ کویتی حکومت نے ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم تارکین وطن کو اصلاح حال کی مہلت دی تھی جس سے 26090 افراد نے فائدہ اٹھایا- ان میں سے کچھ لوگ کویت سے سفر کر گئے- انہیں کورونا وبا کے ماحول میں بین الاقوامی پروازوں پر پابندی کے باوجود سفر کی سہولت دی گئی- ان میں سے 200 افراد ایسے ہیں جو ابھی تک کویت میں رہائش پذیر ہیں-
انس الصالح نے مزید بتایا کہ’ 417 کمپنیوں کے 282 کیسز ریکارڈ پر آئے ہیں- جن سے پتا چلا ہے کہ وہ اقاموں کے کاروبار میں ملوث ہیں- ان سے پوچھ گچھ شروع کردی گئی ہے- 526 افراد کو حراست میں لے لیا گیا- ان میں سے 49 کویتی شہری ہیں‘-
کویتی وزیر داخلہ نے کہا کہ ’پبلک پراسیکیوشن اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ کے افسران اقاموں کا کاروبار کرنے والوں سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں‘-
کویتی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ ملک میں ایک جامع قانون کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے جس کے تحت نہ صرف یہ کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی بلکہ خطے کے دیگر ملکوں کے  تجربات سے بھی فائدہ اٹھایا جائے گا- اس قانون کے تحت ہر اس شخص کو جو کویت کی تعمیر و ترقی میں حصہ لے گا اس کی حوصلہ افزائی کی جائے گی-
وزیر داخلہ نے بتایا کہ زیادہ سے زیادہ دو ہفتے کے اندر نئے قانون کا مسودہ بحث کے لیے پارلیمنٹ کے حوالے  کر دیا جائے گا- امید ہے کہ ارکان پارلیمنٹ غیر قانونی قیام کی آفت سے ملک کو نجات دلانے کے لیے بھرپور تعاون دیں گے-

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: