Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بجلی بند، ہم تصاویر لینے میں مصروف‘

کراچی موسلا دھار بارش کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے (تصویر : اے ایف ہی )
 شہر قائد کراچی میں موسلادھار بارش کی وجہ سے موسم تو خوشگوار ہو گیا لیکن اطلاعات کے مطابق مختلف شہر کی سڑکیں زیر آب آنے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ شہری جہاں گرمی کا زور ٹوٹنے پر خوش تھے وہیں ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے پریشان بھی دکھائی دیے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارشوں کی پیش گوئی بھی کی اور پہلی بارش میں ہی شہری ٹریفک جام کی کوفت کا شکار رہے۔
کراچی میں اردو نیوز کے نمائندے توصیف رضی کے مطابق دوپہر سے شروع ہونے والی بارش وقفے وقفے سے شام تک جاری رہی، دفاتر کی چھٹی کے وقت بارش کے تیز ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر پانی کھڑا ہو گیا جس کی وجہ سے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے انجن بند ہونے لگے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی میں ہونے والی بارش کی وجہ سے شہر میں مختلف حادثات بھی پیش آئے جن میں خاتون اور بچوں سمیت 6 افراد کے ہلاک اور ایک کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پیر کو شہر میں سب سے زیادہ بارش صدر میں 43 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ (تصویر: اے ایف پی)

نالوں کے بھر جانے کی وجہ سے سڑکیں دریاؤں کا منظر پیش کرنے لگیں، شہری اپنی مدد آپ کے تحت بند ہونے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو کنارے لگانے میں مصروف رہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دنوں تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
جبکہ دوسری جانب ٹوئٹر پر 'کراچی رین' اس وقت ٹاپ ٹرینڈ ہے اور صارفین بارش کی تصاویر کھینچنے اور مختلف علاقوں کے زیر آب آنے کے بعد ویڈیوز شئیر کرتے نظر آ رہے ہیں۔
ٹوئٹر صارف فضہ نے ڈی ایچ اے کی ویڈیو شئیر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے سڑک کے کنارے بنائے گئے تمام گٹر فواروں کا منظر پیش کر رہے ہیں۔
ٹوئٹر صارف کیبریا سودیس نامی صارف نے لکھا کہ بارش کی وجہ سے بجلی بند، سڑکوں کا برا حال، ٹریفک جام لیکن ’ہم پھر بھی بادلوں اور موسم کی تصاویر لینے میں مصروف ہیں‘۔

ماضی میں ہونے والی بارشوں کی وجہ سے کراچی میں آنے والے سیلاب کے بعد سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت کئی سیاست دانوں کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑتا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پیر کو شہر میں سب سے زیادہ بارش صدر میں 43 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ پی اے ایف بیس فیصل، ناظم آباد، پی اے ایف مسرور ٹر، جناح ٹرمینل، نارتھ ناظم آباد، صدر، گلشن اقبال اور ڈی ایچ اے کے کئی علاقوں میں بھی بادل کھل کر برسے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں کئی گھنٹوں تک بجلی بھی معطل رہنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

شیئر: