Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویزے کی تجدید نہ کروا سکنے والوں کی جرمانے کے بغیر واپسی

قونصلیٹ جنرل کے مطابق کورونا کی وجہ سے یہ عارضی ریلیف دیا گیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
جدہ میں قونصلیٹ جنرل پاکستان کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ عودہ (واپسی) پروگرام کے تحت وہ تمام افراد بغیر کسی جرمانے یا فیس کے سعودی عرب سے  واپس جا سکتے ہیں جو کورونا وائرس کی وجہ سے اپنے ویزوں کی تجدید نہیں کروا سکے۔
قونصلیٹ جنرل کے مطابق وہ تمام افراد جن کے ایگزٹ اور ری انٹری ویزے، فائنل ایگزٹ (خروج نہائی) یا کسی قسم کے وزٹ یا سیاحتی ویزے بشمول عمرہ ویزے کی میعاد مارچ 2020  یا اس کے بعد ختم ہو گئی ہے اور اپنے ملک  واپس جانے کے خواہشمند ہیں، وہ اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
قونصلیٹ جنرل کا کہنا ہے کہ کورونا کی وبائی مرض کی وجہ سے موجودہ حالات کی روشنی میں یہ ایک عارضی ریلیف دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اتوار کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب میں موجود غیر ملکیوں کے اقاموں میں تین ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی تھی۔
ان غیر ملکیوں کے اقاموں میں بھی تین ماہ کی توسیع کی منظوری دی گئی تھی جو ایگزٹ ری انٹری پر بیرون ملک موجود ہیں جبکہ ان کے ویزوں میں بھی اتنی ہی مدت کے لیے مفت توسیع کی منظوری دی گئی تھی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی مسائل کے اثرات کم کرنے کے لیے حکومت کی طرف سے افراد، نجی شعبے، سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کی امداد کے لیے کوششیں جاری رکھتے ہوئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے متعدد فیصلے کیے ہیں جن کی تفصیل دی جا رہی ہے۔'

قبل ازیں غیر ملکیوں کے اقاموں میں تین ماہ کی توسیع کی گئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ غیر ملکیوں کے فائنل ایگزٹ ویزوں میں مفت توسیع کی منظوری دی گئی ہے اور ان غیر ملکیوں کے اقاموں میں 3 ماہ مفت توسیع ہوگی جو ایگزٹ ری انٹری پر بیرون ملک گیے ہوئے ہیں اور جن کے ویزے پروازوں کی معطلی کی وجہ سے ختم ہوگئے ہیں۔
ان غیر ملکیوں کے ایگزٹ ری انٹری ویزوں میں 3 ماہ مفت توسیع ہوگی جن کے ویزے استعمال نہیں ہوئے اور پروازوں کی معطلی کی وجہ سے وہ بیرون ملک نہیں جاسکے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا تھا کہ ان تمام غیر ملکیوں کے ایگزٹ ری انٹری ویزوں میں 3 ماہ کی مفت توسیع ہوگی جو بیرون ملک موجود ہیں اور پروازوں کی معطلی کی وجہ سے واپس نہیں آسکے۔

شیئر: