Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تارکین کے اقاموں اور ویزوں میں تین ماہ کی توسیع کی منظوری

ان تارکین کے اقاموں میں بھی توسیع کی گئی ہے جو ایگزٹ ری انٹری پر بیرون ملک موجود ہیں (فوٹو: روئٹرز)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب میں موجود غیر ملکیوں کے اقاموں میں تین ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔
اسی طرح ان غیر ملکیوں کے اقاموں میں بھی تین ماہ کی توسیع ہوگی جو ایگزٹ ری انٹری پر بیرون ملک موجود ہیں جبکہ ان کے ویزوں میں بھی اتنی ہی مدت کے لیے مفت توسیع ہوگی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی مسائل کے اثرات کم کرنے کے لیے حکومت کی طرف سے افراد، نجی شعبے، سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کی امداد کے لیے کوششیں جاری رکھتے ہوئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے متعدد فیصلے کیے ہیں جن کی تفصیل دی جا رہی ہے۔
اعلامیے کے مطابق غیر ملکیوں کے فائنل ایگزٹ ویزوں میں مفت توسیع کی منظوری دی گئی ہے اور ان غیر ملکیوں کے اقاموں میں 3 ماہ مفت توسیع ہوگی جو ایگزٹ ری انٹری پر بیرون ملک گیے ہوئے ہیں اور جن کے ویزے پروازوں کی معطلی کی وجہ سے ختم ہوگئے ہیں۔
ان غیر ملکیوں کے ایگزٹ ری انٹری ویزوں میں 3 ماہ مفت توسیع ہوگی جن کے ویزے استعمال نہیں ہوئے اور پروازوں کی معطلی کی وجہ سے وہ بیرون ملک نہیں جاسکے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ان تمام غیر ملکیوں کے ایگزٹ ری انٹری ویزوں میں 3 ماہ کی مفت توسیع ہوگی جو بیرون ملک موجود ہیں اور پروازوں کی معطلی کی وجہ سے واپس نہیں آسکے۔

ان غیر ملکیوں کے ایگزٹ ری انٹری ویزوں میں 3 ماہ مفت توسیع ہوگی جن کے ویزے استعمال نہیں ہوئے (فائل فوٹو: روئٹرز)

اس کے علاوہ مملکت میں موجود ان تمام غیر ملکیوں کے اقاموں اور وزٹ پر آنے والوں کے ویزوں میں بھی 3 ماہ مفت توسیع کی گئی ہے جن کے اقامے اور ویزے پروازوں کی معطلی کے دوران ختم ہوئے ہیں۔
وزارت داخلہ نے مزید کہا ہے کہ ’شاہی فرمان میں مذکورہ بالا استثنائی صورتوں پر حسب ضرورت نظر ثانی اور تبدیلی ہوتی رہے گی۔'

شیئر: